Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نہیں بتاؤں گی کہ کورونا کو شکست کیسے دی: کنگنا رناوت

کنگنا نے انسٹاگرام کے ذریعے آٹھ مئی کو اطلاع دی تھی کہ ان کا کورونا ٹسیٹ مثبت آیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وڈ کی سپر سٹار کنگنا رناوت نے کورونا وائرس کو شکست دے دی ہے تاہم یہ نہیں بتایا کہ انہوں نے ایسا کیسے کیا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق کنگنا نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے فالوورز کو صحت یاب ہونے کی اطلاع دی تاہم ساتھ ہی کچھ لوگوں کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا جن کو وہ ’کووڈ فین کلب‘ کہتی ہیں۔
کنگنا نے اپنے پیغام میں لکھا کہ ’ان کا کورونا کا ٹیسٹ منفی آگیا ہے۔ انہوں نے اس بات کا تذکرہ تو کیا کہ انہوں نے کچھ ٹپس کی بدولت بیماری کو شکست دی تھی، مگر وہ ٹپس کیا ہیں، تاہم اس کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔
انہوں نے لکھا کہ ’ہیلو سب کو، میرا کورونا کا ٹیسٹ نیگیٹو ہوگیا ہے۔ میں بتانا چاہتی ہوں کہ میں نے کیسے وائرس کو شکست دی، مگر مجھے بتایا گیا ہے کہ میں کووڈ فین کلب کو غصہ نہ دلاؤں ۔۔۔ ہاں یہاں کچھ ایسے لوگ ہیں جو اس وقت ناراض ہوتے ہیں اگر آپ وائرس کے لیے عزت ظاہر نہ کریں، خیر بہت شکریہ، آپ کی نیک خواہشات اور محبت کے لیے۔‘
کنگنا رناوت نے ایک انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے اطلاع دی تھی کہ ان کو کورونا لاحق ہو گیا ہے انہوں نے مہلک مرض کو ’وقتی فلو‘ بھی قرار دیا تھا۔
انہوں نے لکھا تھا کہ ’میں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے، مجھے پتا نہیں تھا کہ یہ وائرس میرے جسم میں پارٹی منا رہا ہے، اب چونکہ مجھے پتا چل گیا ہے، اس لیے میں اسے ختم کر دوں گی، لوگو کسی چیز کو اپنے اوپر حاوی مت ہونے دو، اگر آپ ڈریں گے، یہ آپ کو مزید ڈرائے گا، آئیں اس کووڈ کو تباہ کر دیں، یہ ایک وقتی نزلہ زکام سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے، جو لوگوں کو نفسیاتی مریض بنا رہا ہے۔ ہر ہر مہادیو۔‘

اسی ماہ بعض متنازع پوسٹوں کی وجہ سے ٹوئٹر نے کنگنا رناوت پر پابندی عائد کردی تھی (فوٹو: اے ایف پی)

گذشتہ ہفتے کنگنا نے دعویٰ کیا تھا کہ انسٹاگرام نے ان کی پوسٹ ہٹائی اور اس کی رپورٹ بھی ’کووڈ فین کلب‘ نے کی ہوگی۔
انہوں نے انسٹاگرام سٹوریز پر لکھا کہ ’انسٹاگرام نے میری وہ پوسٹ ڈیلیٹ کر دی ہے جس میں میں نے کورونا کو ختم کرنے کی دھمکی دی تھی، اس سے کچھ لوگوں کو تکلیف پہنچی۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’میں ٹوئٹر پر دہشت گردوں اور کمیونسٹوں کے ہمدردوں کے بارے میں سنا تھا لیکن کووڈ فین کلب زبردست ہے۔‘
ٹوئٹر کی جانب سے کنگنا پر رواں ماہ ہی ان کی ان متنازع پوسٹوں کے بعد مستقل طور پر پابندی عائد کر دی گئی تھی جو انہوں نے مغربی بنگال اسمبلی کے الیکشن کے نتائج کے حوالے سے کی تھیں۔

شیئر: