Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’گیدڑوں کا جھنڈ اور ایک شیرنی۔۔۔مزہ آگیا‘

کنگنا بالی وڈ میں ’مافیا‘ کے وجود کا الزام عائد کرتی رہی ہیں (فوٹو سائن جولی)
بالی وڈ اداکارہ کنگنا رناوت نے عدالت کی جانب سے ان کے نام جاری ہونے والے سمن پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ گیدڑوں کے جھنڈ میں ایک شیرنی ہیں۔
انڈین اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق ممبئی کورٹ نے جاوید اختر کی جانب سے دائر ہتک عزت کے مقدمے میں کنگنا رناوت کو گذشتہ روز سمن جاری کیا تھا۔
اس کے جواب میں ہر وقت تنازعات میں رہنے والی اداکار نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر سمن جاری کرنے کی ایک خبر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’گیدڑوں کا ایک جھنڈ اور ایک شیرنی۔۔۔مزا آ گیا۔‘
گذشتہ سال دسمبر میں اندھیری میٹروپولیٹن مجسٹریٹ نے پولیس کو جاوید اختر کی طرف سے کنگنا رناوت کے خلاف درج کی گئی شکایت کی تحقیقات کا حکم دیا تھا۔
پولیس نے پیر کو عدالت میں اپنی رپورٹ جمع کروائی جس میں کہا گیا کہ جاوید اختر کے عائد الزامات کی مزید تحقیق ہو سکتی ہے۔ اس پر مجسٹریٹ آر آر خان نے کنگنا رناوت کو سمن جاری کیا۔
انڈین فلم انڈسٹری کے مشہور نغمہ نگار نے اپنی شکایت میں کنگنا رناوت کے خلاف ان پر اداکار سوشانت سنگھ کی موت کے بعد بالی وڈ کے ایک ’مخصوص گروہ‘ کا حصہ ہونے کے بے بنیاد تبصرے کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔
جاوید اختر کا دعویٰ ہے کہ الزامات سے ان کی ساکھ کو نقصان پہنچا ہے۔
کنگنا رناوت بالی ووڈ میں ایک ایسی ’مافیا‘ کے وجود کا الزام عائد کرتی رہی ہیں جو انہیں پیشہ ورانہ اور ذاتی طور پر نشانہ بناتا رہا ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ سوشانت بھی اسی سینڈیکیٹ کا نشانہ بنا اور انہوں نے ہی اسے قتل کیا۔

شیئر: