Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی ممکن نہیں، ریٹائرمنٹ حتمی ہے‘

اے بی ڈویلیئرز آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور کی جانب سے کھیلے تھے (فوٹو: اے ایف پی)
جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ ’سٹار بلے باز اے بی ڈویلیئرز نے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کے کسی بھی امکان کو مسترد کر دیا ہے۔‘
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق منگل کو اگلے ماہ دورہ ویسٹ انڈیز اور جولائی میں آئرلینڈ کے دورے کے لیے سکواڈز کا اعلان کرتے ہوئے جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ کا کہنا تھا کہ ’اے بی ڈویلیئرز کے ساتھ بات چیت ہوئی ہے اور بلے باز نے کہا ہے کہ ان کی ریٹائرمنٹ کا فیصلہ حتمی رہے گا۔‘
اس سے قبل یہ قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں کہ سنہ 2018 میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہونے والے اے بی ڈویلیئرز رواں سال اکتوبر اور نومبر میں شیڈول ٹی20 ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے قومی ٹیم میں واپس آئیں گے۔
جنوبی افریقہ کے ہیڈ کوچ اور طویل عرصے تک پروٹیز کی ٹیم میں ڈی ویلیئرز کے ساتھ کھیلنے والے مارک باؤچر نے گذشتہ سال متعدد بار کہا تھا کہ ’وہ ڈی ویلیئرز کے ساتھ بات چیت میں شریک رہے ہیں اور خود انہوں نے بھی حال ہی میں انڈین پریمیئر لیگ میں عندیہ دیا تھا کہ وہ واپسی کے خواہاں ہیں۔‘
ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین سنیچری بنانے والے 37 سالہ اے بی ڈی ویلیئرز نے گذشتہ ماہ کہا تھا کہ ’وہ اپنی فارم اور فٹنس کی بنیاد پر فیصلہ کریں گے۔‘ کورونا وبا کی وجہ سے ٹورنامنٹ کی منسوخی سے قبل ان کی رائل چیلنجرز بنگلور کی جانب سے کارکردگی عمدہ تھی۔
انہوں نے 207 رنز 51.75 کی اوسط سے بنائے تھے جبکہ ان کا سٹرائیک ریٹ 164 سے زائد تھا۔

37 سالہ اے بی ڈی ویلیئرز نے گذشتہ ماہ کہا تھا کہ ’وہ اپنی فارم اور فٹنس کی بنیاد پر فیصلہ کریں گے‘ (فوٹو: اے ایف پی)

منگل کو جاری بیان میں ان واقعات یا مباحثوں کے بارے میں مزید کوئی تفصیل نہیں دی گئی جو اے بی ڈویلیئرز کے فیصلے کی وجہ بنے۔
اس حوالے سے جنوبی افریقی سلیکٹرز کے کنوینر وکٹر میپٹسانگ کا کہنا تھا کہ ’بہت سی قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں، خاص طور پر یہ دیکھتے ہوئے کہ وہ آئی پی ایل میں کس طرح کھیل رہے ہیں۔ مارک باؤچر بالکل واضح تھے کہ ان کی اے بی کے ساتھ بات ہوئی ہے۔‘

شیئر: