Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا وبا کے دوران برطانیہ کے ارب پتی افراد کی دولت میں 20 فیصد اضافہ

لیونارڈ بلوانک 23 ارب پاؤنڈ کی دولت کے ساتھ برطانیہ کے امیر ترین انسان ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
برطانوی اخبار سنڈے ٹائمز کی جاری کردہ امیر افراد کی فہرست کے مطابق وبا کے باوجود برطانیہ کے ارب پتی افراد کی دولت میں گذشتہ سال کی نسبت 20 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعے کو جاری کردہ اعداد و شمار میں یوکرینی نژاد تاجر لیونارڈ بلوانک 23 ارب پاؤنڈ کی دولت کے ساتھ ملک کے امیر ترین فرد قرار پائے ہیں۔
امیر افراد کی اس فہرست کو برطانیہ کے امیر ترین افراد پر سب سے مستند ذریعہ سمجھا جاتا ہے۔
وبا کی وجہ سے پیدا ہونے والی معاشی بدحالی کے باوجود گذشتہ سال برطانیہ کے ارب پتی افراد کی تعداد 24 فیصد اضافے کے ساتھ 171 ہو گئی ہے۔ جبکہ اسی دورانیے میں ارپ پتی افراد کی مجموعی دولت 21.7 فیصد اضافے کے ساتھ 597.2 ارب پاؤنڈ تک جا پہنچی ہے۔
اس حوالے سے امیر افراد کی اس فہرست کو مرتب کرنے والے رابرٹ واٹس کا کہنا ہے کہ ’وبا نے بہت سے آن لائن ریٹیلرز، سوشل نیٹ ورکنگ ایپس اور کمپیوٹر گیمز ٹائیکونز کے لیے منافع بخش مواقع پیدا کیے ہیں۔‘

امیر افراد کی اس فہرست میں چیلسی کے روسی مالک رومن ابراموویچ بھی شامل ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

انہوں نے مزید کہا کہ ’حقیقت یہ ہے کہ بہت امیر ترین افراد ایسے وقت میں بہت زیادہ امیر ہوئے جب ہم میں سے ہزاروں افراد نے اپنے پیاروں کو دفن کیا اور لاکھوں افراد کی معاش کے لیے پریشانی نے اسے بہت ہی پریشان کن عروج بنا دیا ہے۔‘
تیل اور میڈیا کے سرمایہ کار لیونارڈ بلوانک کی دولت میں سات ارب پاؤنڈ سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔ جس کی وجہ سے انہوں نے کاروباری شخصیت جیمس ڈیسن کی جگہ اول مقام حاصل کیا ہے۔
جیمس ڈیسن کی دولت 10 کروڑ پاؤنڈ اضافے کے ساتھ 16.3 ارب پاؤنڈ ہو گئی ہے۔
امیر افراد کی اس فہرست میں شامل دوسرے مشہور افراد میں علیشر عثمانوف، جن کی دولت میں آرسنل فٹبال کلب میں اپنے شیئرز بیچ کر 1.7 ارب پاؤنڈ اضافہ ہوا ہے اور چیلسی کے روسی مالک رومن ابراموویچ بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ امیر افراد کی فہرست کی مکمل تفصیلات اتوار کو جاری کی جائے گی۔

شیئر: