Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویکسین کی کمی: انڈیا میں کورونا سے صحت یاب مریضوں کو ویکسین نہیں لگائی جا رہی

دہلی سمیت بہت سی انڈین ریاستوں نے دوبارہ 45 سے زیادہ افراد کو ترجیح دینا شروع کر دی (فوٹو اے ایف پی)
انڈیا نے ویکسین کی قلت کے سبب ایسے افراد کو ویکسین لگانے میں تاخیر کر رہا ہے جو کورونا کی بیماری سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق حکومتی پینل کے سربراہ نے کہا کہ ’زیادہ بیمار افراد کے صحت یاب ہونے تک نوجوانوں کو ویکسین لگانے کا آغاز نہیں کرنا چاہیے تھا۔‘
انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے تنقید سے بچنے کے لیے یکم مئی کو تمام افراد کو ویکسین لگانے کا اعلان کیا تھا۔
دارالحکومت دہلی سمیت بہت سی انڈین ریاستوں نے دوبارہ 45 سے زیادہ عمر کے افراد کو ترجیح دینا شروع کر دی ہے۔
بدھ کو حکومت نے کوئی وجہ بتائے بغیر کہا کہ کورونا کے مریض صحت یاب ہونے کے تین ماہ بعد ویکسین لگوائیں۔ اس سے قبل ایک ماہ کی شرط تھی۔
جمعے کو ویکسینیشن کے لیے قائم حکومتی ادارے نیشنل ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ کے سربراہ نریندر کمار نے کہا کہ ’ایسا کورونا ویکسین بچانے کے لیے کیا گیا، ہم نے اسے تین ماہ، چھ ماہ یا نو ماہ تک تاخیر سے لگانے پر بات کی، لیکن آخر کار ہم نے کہا کہ تین ماہ کافی ہیں۔
’ہمارے گروپ نے 45 سال یا اس سے زیادہ عمر کے لوگوں کو ترجیح دی، کیونکہ زیادہ شرح اموات اسی گروپ میں ہے۔‘
وزارت صحت و فیملی ویلفیئر نے 19 اپریل کو کہا کہ تمام افراد کو ویکسین لگانے کا فیصلہ نریندر مودی نے کیا۔
وزارت اور انڈین وزیراعظم کے دفتر نے اس حوالے سے سوالات کا کوئی جواب نہیں دیا۔
انڈیا میں اب تک 19 کروڑ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جاچکی ہے جو امریکہ اور چین کے بعد سب سے بڑی تعداد ہے، لیکن ابھی تک انڈیا کے صرف تین فیصد لوگوں کو ویکسین لگی ہے۔

شیئر: