Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

'آؤچ، چارلی'، یوٹیوب ویڈیو لاکھوں ڈالرز میں فروخت

ویڈیو کے 14 سال مکمل ہونے کے موقع پر اس کو نیلام کر دیا گیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انٹرنیٹ کلچر کی ایک اور کلاسک ویڈیو لاکھوں ڈالر میں فروخت کر دی گئی ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سنہ 2000 کی دہائی میں بچوں کی گھر پر بنائی گئی وائرل ہونے والی ویڈیو 'چارلی نے میری انگلی چبا لی' سات لاکھ 61 ہزار ڈالر میں نیلام کی گئی۔
سنہ 2007 میں معصوم برطانوی بچے ہیری اور اس کے بھائی چارلی کی بنائی گئی ویڈیو کی نیلامی اس کے 14 سال مکمل ہونے کے موقع پر کی گئی۔
یوٹیوب پر 55 سیکنڈز کی اس ویڈیو میں ہیری اپنے چھوٹے بھائی چارلی کو سنبھالتے ہوئے اس کے منہ میں اپنی انگلی ڈال دیتا ہے۔
گھریلو ماحول بنائی گئی اس ویڈیو میں چارلی اپنے بھائی ہیری کی انگلی چباتا ہے جس پر بہت زیادہ میمز بنائی گئیں جن میں 'آؤچ، چارلی' اور 'چارلی، مجھے درد ہو رہا ہے' زیادہ مشہور ہوئیں۔
83 کروڑ 30 لاکھ ویوز کے ساتھ یہ ویڈیو یوٹیوب کی سب سے مقبول ویڈیوز میں شامل ہے جس کو جلد ہی اس پلیٹ فارم سے ہٹا دیا جائے گا۔ ویڈیو کی مالک ڈیویس کار فیملی نے اعلان کیا ہے کہ اتوار کی نیلامی کے بعد وہ انٹرنیٹ کی تاریخ کی سب سے پسند کی جانے والی ویڈیو کو ڈیلیٹ کر دے گی اور اب اس کی بولی جیتنے والے ہی اس کے اصل مالک ہیں۔

ویڈیو کو یوٹیوب پر 83 کروڑ سے زائد مرتبہ دیکھا گیا۔ (فوٹو: ویڈیو گریب)

نیلامی کے دوران 11 مختلف بولی دہندگان سامنے آئے اور دو کمپنیاں 'میم ماسٹر' اور 'تھری ایف میوزک' آخر تک مقابلے میں رہیں جہاں مؤخر الذکر نے ساتھ لاکھ ساٹھ ہزار 999 ڈالر میں اس ویڈیو کے مالکانہ حقوق حاصل کر لیے۔
ڈیجیٹل اشیا کی خریداری انٹرنیٹ پر نیا رجحان ہے جو تیزی سے مقبولیت اختیار کر گیا ہے جو گذشتہ چند برسوں میں پھیلا ہے۔
مارچ میں ٹوئٹر کے بانی جیک ڈورسی نے سنہ 2006  میں کی گئی اپنی پہلی ٹویٹ فروخت کے لیے پیش کی تھی جو ملائیشیا سے تعلق رکھنے والے ایک بزنس مین نے تقریبا تین ملین ڈالر میں خریدی۔

شیئر: