فولڈ ایبل آئی فون کب ریلیز ہو گا، ممکنہ ڈیزائن اور قیمت کیا ہو سکتی ہے؟
فولڈ ایبل آئی فون کب ریلیز ہو گا، ممکنہ ڈیزائن اور قیمت کیا ہو سکتی ہے؟
پیر 16 مارچ 2026 13:12
ایپل ایک ایسا ڈیزائن بھی آزما رہا ہے جس میں دو الگ سکرینیں ایک قبضے کے ذریعے جڑی ہوں۔ تصویر: سی نیٹ
ایپل کے فولڈ ایبل فون کے بارے میں کئی برسوں سے افواہیں گردش کر رہی ہیں مگر کمپنی نے اب تک باضابطہ طور پر اس ڈیوائس کا اعلان نہیں کیا، تاہم حالیہ مہینوں میں سامنے آنے والی رپورٹس، لیکس اور تجزیہ کاروں کی پیش گوئیوں نے اس امکان کو مزید مضبوط کر دیا ہے کہ فولڈ ایبل آئی فون آ رہا ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ سی نیٹ کے مطابق اس ماڈل کا ڈیزائن کھلنے والی کتاب کی طرح کا ہو سکتا ہے، یعنی جب بند ہو گا تو وہ عام سمارٹ فون کی طرح ہی نظر آئے گا جبکہ کھولنے پر ٹیبلٹ جیسا تجربہ فراہم کرے گا۔
لیکس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فون کی بیرونی سکرین تقریباً ساڑھے پانچ انچ جبکہ اندرونی فولڈ ہونے والی سکرین تقریباً سات اعشاریہ آٹھ انچ ہو سکتی ہے۔
بعض ماہرین کا خیال ہے کہ ایپل ایک ایسا ڈیزائن بھی آزما رہا ہے جس میں دو الگ سکرینیں ایک قبضے کے ذریعے جڑی ہوں۔
فولڈ ایبل فونز کے ساتھ ایک بڑا مسئلہ سکرین کے درمیان بننے والی لکیر یا کریز رہا ہے، جو فون کھولنے پر واضح دکھائی دیتی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ایپل اس مسئلے کو کم کرنے یا مکمل طور پر ختم کرنے کے لیے کافی عرصے سے تحقیق کر رہا ہے۔
اطلاعات میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کمپنی ایسی سکرین تیار کرنے کی کوشش کر رہی ہے جس میں کریز بہت کم یا تقریباً نظر ہی نہ آئے۔
فون کی موٹائی کے حوالے سے کہا جا رہا ہے کہ جب یہ فون بند ہوگا تو اس کی موٹائی تقریباً نو سے ساڑھے نو ملی میٹر کے درمیان ہو سکتی ہے، جبکہ کھولنے پر یہ چار اعشاریہ پانچ سے چار اعشاریہ آٹھ ملی میٹر تک رہ جائے گی۔
اس کے ربن میں ایسا مواد شامل کیے جانے کا امکان ہے جو اس کو پائیدار بنائے گا۔
کیمرے کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ اس میں دو ریئر کیمرے ہوں گے جبکہ اندرونی اور بیرونی دونوں سکرینوں پر سامنے کیمرہ موجود ہوگا۔
جگہ کی کمی کی وجہ سے ایک امکان یہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس میں چہرے کی شناخت والا نظام شامل نہ کیا جائے اور اس کی جگہ سائیڈ بٹن میں فنگر پرنٹ سینسر دیا جائے۔
ہارڈویئر کے بارے میں ابھی واضح معلومات سامنے نہیں آئیں، تاہم بعض تجزیہ کاروں کے مطابق اس میں تقریباً بارہ جی بی میموری دی جا سکتی ہے، جو آنے والی آئی فون سیریز کے برابر ہو گی۔
بیٹری کے بارے میں ایک لیک میں بتایا گیا ہے کہ اس کی گنجائش تقریباً پانچ ہزار پانچ سو ملی ایمپیئر آور ہو سکتی ہے، جو کسی بھی آئی فون میں اب تک دی جانے والی سب سے بڑی بیٹری ہو گی۔
رپورٹس یہ بھی بتاتی ہیں کہ کمپنی کے ایک کے بجائے دو فولڈیبل ڈیوائسز پر بھی کام کا امکان پایا جاتا ہے۔ تصویر: سی نیٹ
قیمت کے حوالے سے اندازہ لگایا جا رہا ہے کہ یہ فون کافی مہنگا ہو گا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق اس کی قیمت تقریباً 2 سے ڈھائی ہزار امریکی ڈالر کے درمیان ہو سکتی ہے کیونکہ فولڈ ایبل فونز کی تیاری عام سمارٹ فونز کے مقابلے میں زیادہ مہنگی ہوتی ہے۔
لانچنگ کے بارے میں زیادہ تر ماہرین کا خیال ہے کہ یہ فون 2026 میں متعارف کرایا جا سکتا ہے، تاہم کچھ رپورٹس کے مطابق اسے 2027 تک بھی لے جایا جا سکتا ہے۔
اگر یہ فون واقعی 2026 میں پیش کیا جاتا ہے تو ممکن ہے اسے اسی سال آنے والی نئی آئی فون سیریز کے ساتھ یا کسی الگ تقریب میں پیش کیا جائے۔
دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ ایپل نے فولڈ ہونے والی سکرین سے متعلق ایک پیٹنٹ بھی حاصل کیا ہے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ کمپنی کئی سالوں سے اس ٹیکنالوجی پر کام کر رہی ہے۔
کچھ رپورٹس یہ بھی بتاتی ہیں کہ کمپنی کے ایک کے بجائے دو فولڈیبل ڈیوائسز پر بھی کام کا امکان پایا جاتا ہے۔ ایک کتاب کی طرح کھلنے والا بڑا ماڈل جبکہ دوسرا کلیم شیل انداز کا چھوٹا ماڈل ہو سکتا ہے جو اوپر سے نیچے فولڈ ہو گا۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں کہ کمپنی پہلے کون سا ماڈل متعارف کرائے گی۔
اگرچہ ایپل نے ابھی تک اپنے فولڈ ایبل آئی فون کی باضابطہ تصدیق نہیں کی، لیکن لیکس، پیٹنٹس اور تجزیہ کاروں کی رپورٹس سے یہی اندازہ ہوتا ہے کہ کمپنی اس ٹیکنالوجی پر سنجیدگی سے کام کر رہی ہے۔ اگر یہ ڈیوائس واقعی آئندہ چند برسوں میں مارکیٹ میں آتی ہے تو ممکن ہے یہ فولڈ ایبل سمارٹ فونز کی دنیا میں ایک بڑی تبدیلی کا باعث بنے۔