Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اماراتی سفیر کی وفاقی وزرا سے ملاقاتیں، اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

یو اے ای کے سفیر نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں پاکستانیوں کے تعاون کو سراہا۔
پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد ابراہیم الزعابی نے ایک ہی دن میں تین اہم حکومتی وزرا سے ملاقاتیں کیں۔
آج بدھ کو ہونے والی ان ملاقاتوں میں میڈیا کے شعبہ میں تعاون، سیاحت، تجارت اور ماحولیاتی تبدیلیوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اماراتی سفیر نے وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری، وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب اور وزیراعظم کے معاون خصوصی ملک امین اسلم سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری سے ملاقات میں عالمی و علاقائی صورتحال اور دو طرفہ تعاون كو فروغ دینے كے طریقوں پر تبادلہ خیال كیا گیا۔
دوسری جانب وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب کے ساتھ اماراتی سفیر کے ساتھ ملاقات میں تمام امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ’دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ تجارت کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ جن کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ فریقین نے دونوں ممالک کی سرکاری نیوز ایجنسیز کے مابین تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔‘
وزیر مملکت نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’گرین ڈپلومیسی ممالک کے مابین دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کی نئی راہیں فراہم کرتی ہے۔ متحدہ عرب امارات اور پاکستان باہمی اعتماد پر مبنی خوشگوار تعلقات سے مستفید ہو رہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات پاکستانیوں کے لیے دوسرے گھر کی طرح ہے۔‘
انہوں نے ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کی صنعت میں کاروباری صلاحیتوں کے فروغ کے لیے متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد ابراہیم الزعابی کے دورہ فیصل آباد کو بھی سراہا۔

سفیر حمد عبید الزعابی نے وزیر اعظم كے معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم سے بھی ملاقات کی۔ 

فرخ حبیب نے اماراتی سفیر کو آگاہ کیا کہ ’پاکستان کی زرعی مصنوعات دنیا بھر میں مقبول ہیں۔ پاکستانی تاجروں کے ذریعے ان اشیاء کو مشرق وسطٰی کی مارکیٹوں تک رسائی ملنے سے ترقی کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔‘
 وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ ’وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان معیشت ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے۔ کورونا کے باوجود زرمبادلہ کے ذخائر، برآمدات اور ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔ اووسیز پاکستانیوں نے انتہائی کم مدت میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں ایک ارب ڈالر بھجوائے جو کہ موجودہ حکومت پر اعتماد کا مظہر ہے۔‘
متحدہ عرب امارات کے سفیر حمد ابراہیم الزعابی نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں پاکستانیوں کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں 15 لاکھ پاکستانی کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے وزیر مملکت کو آگاہ کیا کہ ’ایکسپو 2020 میں پاکستانی تاجروں کی شرکت سے کاروبار میں ترقی اور دنیا بھر کے تاجروں سے روابط کا موقع ملے گا ۔‘
وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے دونوں ممالک کے تعلقات کے حوالے سے کہا کہ ’پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے مابین تعلقات کے 50 سال مکمل ہونا دونوں برادر ممالک کے لیے ایک سنگ میل ہے۔ 50 سالہ تعلقات کی تقریبات مل کر منائیں گے۔‘
اماراتی سفیر نے وزیراعظم كے معاون خصوصی برائے ماحولیاتی تبدیلی ملک امین اسلم سے بھی ملاقات کی، جس میں دونوں ملكوں كے درمیان تعلقات اور ماحولیات كے شعبے میں دوطرفہ تعاون اور مشتركہ منصوبوں پر تبادلہ خیال كیا گیا۔

شیئر: