Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

تارکین ’ابشر‘ اور ’مقیم‘ پورٹل سے اقامے کی تجدید کیسے کرائیں؟

تارکین اپنے کفیلوں کے ذریعے اقامے میں توسیع کرا سکتے ہیں۔ ( فوٹو سیدتی)
سعودی عرب میں غیر ملکیوں کے لیے اقامہ اور رہائشی قوانین واضح ہیں جن پر عمل کرنا سب کے لیے لازمی ہے۔ آجر اور اجیر کے حوالے سے بھی قوانین موجود ہیں ان سے آگاہی ضروری ہے۔
سعودی حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے پاکستان سمیت 20 ممالک سے آنے والوں پر عارضی پابندی عائد ہے تاہم ان ممالک کے وہ شہری جو مملکت میں مقیم ہیں وہ اپنے وطن سفر کرسکتے ہیں ان پر کسی قسم کی پابندی نہیں۔ 
گزشتہ برس بھی حکومت کی جانب سے ایسے تارکین جو اقامہ ہولڈر تھے مگر کورونا کی وجہ سے عائد سفری پابندیوں کے سبب مملکت نہیں آ سکتے تھے ان کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کی مفت سہولت جاری کی تھی۔ 
حکومت نے تارکین کی سہولت کےلیے ’ابشر‘ اور مقیم پورٹل پر اقاموں کی تجدید کی سہولت بھی جاری کی ہے جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے وہ تارکین جو ممنوعہ ممالک کی فہرست میں شامل ہیں اپنے کفیلوں کے ذریعے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کرا سکتے ہیں۔
حکومت نے 24 مئی کو مملکت سے گئے ہوئے ان ممنوعہ 20 ممالک کے شہریوں کے لیے خصوصی رعایت کا اعلان کرتے ہوئے ان کے اقاموں اور خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کے خصوصی احکامات صادر کیے ہیں۔ 
مفت اقامہ اور خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کے احکامات جاری ہونے سے قبل حکومت کی جانب سے ابشر اور مقیم سسٹم کے ذریعے اقامہ اور خروج وعودہ کی مدت میں توسیع کی سہولت دی تھی تاکہ وہ افراد اس سہولت سے مستفیض ہوسکیں جو مملکت میں کورونا پابندی کی وجہ سے عارضی طورپر آ نہیں سکتے۔  
یاد رہے کہ اقامہ کی ایکسپائری تاریخ و دیگر معلومات ڈیجیٹل سسٹم سے مربوط ہیں تاکہ لوگوں کو سہولت ہو اور انہیں معمولی سی معلومات کے لیے سرکاری اداروں سے رجوع نہ کرنا پڑے۔

وہ افراد جو بیرون مملکت گئے ہوئے ہیں انہیں اقاموں کی ایکسپائری کے بارے میں موبائل ایس ایم ایس کے ذریعے مطلع کر دیا جاتا ہے۔ (فوٹو سیدتی)

ڈیجیٹل سسٹم کے نفاذ سے جہاں شہریوں کو سہولتیں میسرآئیں وہاں مملکت میں رہنے والے غیر ملکیوں کو بھی کافی آسانیاں ملیں ۔ فیملی کے اقاموں کی تجدید اور خروج وعودہ ویزہ کا حصول آسان ہوگیا۔ 
وہ افراد جو بیرون مملکت گئے ہوئے ہیں انہیں اقاموں کی ایکسپائری کے بارے میں موبائل ایس ایم ایس کے ذریعے مطلع کردیا جاتا ہے۔ 
بیشتر افراد رومنگ چارجز کی وجہ سے مملکت میں استعمال ہونے والی سم کو نکال دیتے ہیں جس کی وجہ سے وہ بروقت ایس ایم ایس وصول نہیں کرسکتے ایسے افراد کے لیے ابشر کی سہولت ہر جگہ دستیاب ہے۔ 
ابشر اکاؤنٹ کے ذریعے اقامہ کی تجدید اور خروج وعودہ کی مدت میں اضافہ کے حوالے سے مکمل معلومات حاصل کی جاسکتی ہیں۔  
قانون کے مطابق کارکنوں کے اقاموں کی تجدید ان کے سپانسرز کے ابشر یا مقیم اکاؤنٹ سے ہی ممکن ہے۔ کارکن اپنے ابشر اکاؤنٹ کے ذریعے اپنے زیر کفالت بچوں اور اہلیہ کے اقاموں کی تجدید و خروج وعودہ کے معاملات مکمل کرسکتا ہے جبکہ اپنے اقامے کی ایکسپائری تاریخ بھی ابشر پورٹل کے ذریعے معلوم کی جاسکتی ہے۔ 
بعض کیسز میں اقامہ کارڈ پر ایکسپائری تاریخ غلط پرنٹ ہو جاتی ہے اس کی تصدیق اور درست تاریخ معلوم کرنے کے لیے ابشر اکاؤنٹ سے تصدیق کرانے کے بعد دوسرا کارڈ پرنٹ کراتے وقت اسے درست کرایا جاسکتا ہے۔ 
 ابشر سسٹم کے ذریعے اقاموں کی تجدید میں فنی مشکل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس صورتحال سے نمٹنے کے لیے جوازات کی جانب سے ایک سروس ’تواصل‘ کا آغاز کیا گیا ہے جبکہ اس سے قبل گذشتہ برس ’رسائل والطلبات‘ کے عنوان سے اسی طرح کی سروس شروع کی گئی تھی۔ 
اس سروس کے ذریعے اقامہ کی تجدید  یا دیگر معاملات جو کہ خودکار طریقے سے انجام نہیں دیے جاسکتے اور ان کی انجام دہی کے لیے پیش آنے والی دشواریوں کے حل کے لیے رجوع کیا جاسکتا ہے۔  
 

شیئر: