Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فلسطینی وزیراعظم کی کویت کے امیر شیخ نواف احمد الجابر سے ملاقات

آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیےسیاسی راستہ اپنانے پر بات چیت کی۔ (فوٹو عرب نیوز)
فلسطینی وزیراعظم محمد اشتیہ نے منگل کو کویت کےسرکاری دورے کے موقع پر کویت کے امیر شیخ نواف احمد الجابر الصباح سے ملاقات کی ہے۔
فلسطین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وفا کے مطابق فلسطینی وزیراعظم محمد اشتیہ نے فلسطینی مقاصد کے حصول کے لیے کویت کی لامحدود حمایت اور کوششوں کے علاوہ فلسطینی عوام کی حمایت کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

فلسطینی عوام کی لامحدود حمایت اور متحرک کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔ (فوٹو وفا)

اس موقع پر وزیراعظم اشتیہ نے امیر کویت کو فلسطینی عوام کے خلاف تازہ ترین سیاسی پیشرفت اور خاص طور پر بیت المقدس میں اسرائیلی خلاف ورزیوں کے بارے میں آگاہ کیا۔
ملاقات میں قومی مفاہمت کے حصول کے لیے کی جانے والی کوششوں کے علاوہ  فلسطین میں غزہ کی پٹی کی تعمیر نو کے لیے متحرک کوششوں اور فلسطینی مقصد کی حمایت کرتے ہوئے اسرائیلی قبضہ ختم کرانے اور بین الاقوامی تحریک کی روشنی میں آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے سیاسی راستہ اپنانے پر بات چیت کی گئی۔
امیر کویت شیخ نواف نے اس بات کی تصدیق کی کہ فلسطینی جدوجہد کویت کا سب سے اہم مسئلہ ہے اور جب تک فلسطینی جائز حقوق حاصل نہ کر لیں اور اپنی آزاد ریاست قائم نہ کریں، کویت فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔

فلسطینی وزیراعظم نے کویتی وزیراعظم شیخ صباح خالدالصباح سے ملاقات کی۔(فوٹو وفا)

اس اجلاس میں فلسطینی وزیر خارجہ ریاض المالکی بھی شریک تھے۔ 
کویت نیوز ایجنسی کونا کے مطابق فلسطینی وزیراعظم نے خطے میں امن و استحکام کے حصول کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت میں مستقل مشاورت اور ہم آہنگی بڑھانے پر تبادلہ خیال کے لیے کویت کے وزیراعظم شیخ صباح خالد الحماد الصباح سے بھی ملاقات کی۔
شیخ صباح خالد نے بین الاقوامی قراردادوں کے مطابق مشرقی بیت المقدس کو دارالحکومت بنانے اور فلسطینی عوام کے جائز حقوق کے حصول کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے   فلسطین کے مقصد کے بارے میں اپنے اصولی اور پختہ مؤقف سے آگاہ کیا۔

فلسطینی عوام کے خلاف پرتشدد کارروائیوں کا خاتمہ کیا جائے۔(فوٹو عرب نیوز)

کویت کے وزیراعظم نے مشرق وسطیٰ میں دوبارہ امن عمل شروع کرنے کے لیے مشترکہ عرب اور بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ مطلوبہ امن و استحکام کے لیے اسرائیلی حکام کی خلاف ورزیوں کو نہ دہرایا نہ جائے اور فلسطینی عوام کے خلاف پرتشدد کارروائیوں کا خاتمہ کیا جائے۔
اس موقع پر کویت کے وزیر خارجہ شیخ احمد ناصر آل محمد الصباح نے بھی اپنے فلسطینی ہم منصب ریاض  المالکی سے بات چیت کی۔

شیئر: