Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویزوں کی بحالی، وزیراعظم عمران خان کا کویتی قیادت اور حکومت کا شکریہ

وفاقی وزیر داخلہ کے دورہ کویت کے دوران پاکستانیوں کے ویزوں کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا (فوٹو: شیخ رشید ٹوئٹر)
وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے اپنے دورہ کویت سے متعلق وزیراعظم کو رپورٹ پیش کی۔
شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ’ 10 برسوں کے بعد کویت کی جانب سے ویزوں کا اجرا پاکستان کی بہت بڑی سفارتی کامیابی ہے۔‘
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے بتایا کہ ’کویت کے وزیراعظم سے ملاقات میں 10 سال بعد پاکستانی شہریوں کے لیے کویت کے ویزے بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔‘

 

انہوں نے بتایا کہ ’اب خلیجی ممالک میں رہنے والے پاکستانی آن لائن ویزہ لے کر اب کویت جا سکیں گے۔‘
شیخ رشید کے مطابق ’’سنہ 2011 سے بند پاکستانی شہریوں کے لیے کویتی ویزے کی بحالی پر بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ پاکستان اور کویت کے درمیان فیملی اور بزنس ویزہ فوری بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔‘
وزیراعظم عمران خان نے کامیاب دورہ کویت پر وفاقی وزیر داخلہ کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ’ویزوں کے مسئلے کے حل پر کویتی قیادت اور حکومت کے شکر گزار ہیں۔‘
اتوار کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’کویت سٹی میں پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید کی کویت کے وزیراعظم شیخ صباح خالد الحامد الصباح سے ملاقات ہوئی جس میں 10 برس بعد پاکستان اور کویت کے درمیان فیملی اور بزنس ویزہ فوری بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔‘
وزارت داخلہ کے مطابق اس کے علاوہ ’پاکستانی ورکرز کو معاہدے کے مطابق کویتی ویزہ جاری کرنے کا بھی فیصلہ ہوا ہے۔ میڈیکل اور آئل فیلڈ میں ٹیکنیکل ویزے پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔‘

شیئر: