Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کویت کا پاکستانی شہریوں کے لیے فیملی اور بزنس ویزا بحال کرنے کا فیصلہ: وزارت داخلہ

پاکستان کی وزارت داخلہ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی کویت کے وزیراعظم سے ملاقات میں 10 سال بعد پاکستانی شہریوں کے لیے کویت کے ویزے بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 
اتوار کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کویت سٹی میں پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید کی کویت کے وزیراعظم شیخ صباح خالد الحامد الصباح سے ملاقات ہوئی ہے جس میں 10 برس بعد پاکستان اور کویت کے درمیان فیملی اور بزنس ویزا فوری بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق خلیجی ممالک میں رہنے والے پاکستانی آن لائن ویزا لے کر اب کویت جا سکیں گے۔
وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق کویتی وزیراعظم اور وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے درمیان ملاقات میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔
’سنہ 2011 سے بند پاکستانی شہریوں کے لیے کویتی ویزے کی بحالی پر بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ پاکستان اور کویت کے درمیان فیملی اور بزنس ویزا فوری بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔‘
اس کے علاوہ ’پاکستانی ورکرز کو معاہدے کے مطابق کویتی ویزا جاری کرنے کا بھی فیصلہ ہوا ہے۔ میڈیکل اور آئل فیلڈ میں ٹیکنیکل ویزا پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔‘

پاکستانیوں کے لیے میڈیکل اور آئل فیلڈ میں ٹیکنیکل ویزا پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔ (فائل فوٹو: روئٹرز)

وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق ملاقات میں کویتی وزیراعظم شیخ صباح خالد الحامد الصباح نے کہا کہ ’پاکستان اور کویت کے درمیان تعلقات سات دہائیوں پر محیط ہیں۔ پاکستان اور کویت کے عوام کے درمیان پیار اور اعتماد کا رشتہ ہے۔‘
بیان کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ ’پاکستان اور کویت کے درمیان تعلقات انتہائی دیرینہ ہیں۔ باہمی تعلقات کی بنیاد باہمی بھائی چارہ اور محبت ہے۔ تمام پاکستانی کویت کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’پاکستانی خاندانوں اور کاروباری طبقے کو کویتی ویزے کی بندش سے بے پناہ مسائل درپیش تھے۔ پاکستانی لیبر کا کویت کی اولین ترقی میں بہت اہم کردار ہے۔‘
وزیر داخلہ نے کہا کہ ’ورکرز ویزا بحال ہونے سے پاکستانیوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ کاروباری ویزا بحالی سے دونوں ملکوں کے درمیان تجارت بڑھے گی۔‘

شیئر: