Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانیوں کے لیے کویتی ویزے کی بحالی، وزارت خارجہ کا خیرمقدم

زاہد حفیظ چوہدری کے مطابق ’پاکستان اور کویت کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں۔‘ (فوٹو وزارت خارجہ)
پاکستان کی وزارت خارجہ نے کویت کی جانب سے پاکستانیوں کے لیے فیملی اور بزنس ویزے کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی اور کویتی حکام کویت میں مختلف شعبوں میں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے مواقع تلاش کرنے پر بھی کام کر رہے ہیں۔
پیر کو دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے ’پاکستان اور کویت کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں اور اسی جذبے کے تحت کویت نے پاکستانیوں کے لیے فیملی اور کاروباری ویزے بحال کیے ہیں۔‘
گذشتہ روز پاکستان کی وزارت داخلہ نے کہا تھا کہ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی کویت کے وزیراعظم سے ملاقات میں 10 سال بعد پاکستانی شہریوں کے لیے کویت کے ویزے بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ 
اتوار کو وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کویت سٹی میں پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید کی کویت کے وزیراعظم شیخ صباح خالد الحامد الصباح سے ملاقات ہوئی جس میں 10 برس بعد پاکستان اور کویت کے درمیان فیملی اور بزنس ویزا فوری بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
بیان کے مطابق خلیجی ممالک میں رہنے والے پاکستانی آن لائن ویزا لے کر اب کویت جا سکیں گے۔
وزارت داخلہ کے بیان کے مطابق کویتی وزیراعظم اور وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے درمیان ملاقات میں اہم فیصلے کیے گئے۔
’سنہ 2011 سے بند پاکستانی شہریوں کے لیے کویتی ویزے کی بحالی پر بڑی پیش رفت ہوئی ہے۔ پاکستان اور کویت کے درمیان فیملی اور بزنس ویزا فوری بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔‘
اس کے علاوہ ’پاکستانی ورکرز کو معاہدے کے مطابق کویتی ویزا جاری کرنے کا بھی فیصلہ ہوا۔ میڈیکل اور آئل فیلڈ میں ٹیکنیکل ویزا پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔‘

شیئر: