Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مدینہ میں قرنطینہ کی خلاف ورزی پر 53 افرد کے خلاف مقدمہ

دو لاکھ ریال تک جرمانہ، دو برس قید یا دونوں سزائیں دی جاسکتی ہیں(فوٹو اخبار 24)
سعودی عرب میں مدینہ کے ریجنل پولیس ترجمان کرنل حسین القحطانی کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں نے کورونا قرنطینہ اور آئسولیشن کی خلاف ورزی کرنے پر 53 افراد کو گرفتار کیا ہے۔ 
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد انہیں خود کو آئسولیٹ کرنے کی ہدایت کی گئی تھی جس کی خلاف ورزی پرانہیں حراست میں لیا گیا ہے۔ 
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار شدگان کے خلاف قوانین کی خلاف ورزی کا مقدمہ درج کیا گیا ہے بعدازاں انہیں پراسیکیوشن کے حوالے کیا جائے گا جہاں قانون کے مطابق ان پرمقدمہ چلایا جائے گا۔ 
واضح رہے کورونا وائرس میں مبتلا ایسے افراد جن کی کورونا ٹیسٹ مثبت آتا ہے انہیں قرنطینہ یا آئسولیٹ کیاجاتا ہے تاکہ ان سے وائرس دوسروں تک منتقل نہ ہو۔ 
اس ضمن میں وزارت صحت کا کہنا تھا کہ وہ افراد جو کورونا وائرس کا شکار ہوتے ہیں انہیں چاہیے کہ وہ دوہفتے خود کو آئسولیٹ کریں۔
وائرس کی تشخیص ہونے کے بعد یہ لازمی ہوتا ہے کیونکہ کورونا وائرس انسان سے دوسرے میں بڑی تیزی سے منتقل ہوتا ہے اگر ایسے افراد عوامی مقامات پرجاتے ہیں تو اس بات کا قوی امکان ہوتا ہے کہ دوسرے بھی اس وائرس سے متاثر ہوں۔ 
قانون کے مطابق ایسے افراد جو کورونا قرنطینہ کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوتے ہیں ان پردو لاکھ ریال تک جرمانہ ، دو برس قید یا دونوں سزائیں بیک وقت دی جاسکتی ہیں, سزاوں کا تعین پراسیکیوشن کا ادارہ کرتا ہے۔ 
دوسری بار خلاف ورزی دھرائے جانے کی صورت میں سزا ڈبل کردی جاتی ہے جبکہ خلاف ورزی کا مرتکب غیر ملکی ہونے کی صورت میں اسے مملکت سے بے دخل کرکے ہمیشہ کےلیے بلیک لسٹ کیا جاتا ہے۔  

شیئر: