Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الجوف ریجن میں ’قرنطینہ‘ خلاف ورزی پر17 افراد گرفتار

خلاف ورزی کے مرتکب غیر ملکی کو ملک بدر کرکے بلیک لسٹ کردیاجاتا ہے(فوٹو، الیوم)
الجوف ریجن میں پولیس نے کورونا آئسولیشن کی خلاف ورزی پر17 افراد کو حراست میں لے لیا۔ مذکورہ افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد انہیں آئسولیشن میں رہنے کا پابند کیا گیا تھا۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق ریجنل پولیس ترجمان کرنل یزید بن سعود کا کہنا ہے کہ پولیس نے دیگر اداروں اور کورونا ایس اوپیزکی نگران کمیٹی کے تعاون سے الجوف ریجن میں 17 افراد کو مختلف مقامات سے گرفتار کیا جنہیں وزارت صحت کی جانب سے گھروں تک محدود رہنے کا کہا گیاتھا۔
وزارت کی ایپ ’تباعد‘ ، صحتی اور توکلنا پربھی مذکورہ افراد کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ اپنی رہائش گاہوں میں قیام کریں اورعوامی مقامات پرنہ جائیں۔

قرنطینہ خلاف ورزی پردولاکھ ریال جرمانہ اور2 برس قید کی سزا ہے(فوٹو، ٹوئٹر)

مذکورہ افراد نے آئسولیشن کے اصول کی خلاف ورزی کی جس کی بنیاد پرانہیں گرفتار کیا گیا۔
واضح رہے وزارت کی ایپ توکلنا اورتباعد ایپ کے ذریعے ان افراد کی نقل وحرکت پرنظررکھی جاتی ہے جنہیں کورونا وائرس کی وجہ سے آئسولیٹ کیا جاتاہے۔
ایسے افراد جنہیں آئسولیٹ کیا گیا ہو اوروہ خلاف ورزی کرتے ہوئے محدود دائرے سے باہر نکلتے ہیں تومتعلقہ ایپلیکیشن کے ذریعے کنٹرول روم کو اطلاع موصول ہوجاتی ہے۔
خیال رہے قانون کے مطابق کورونا آئسولیشن کی خلاف ورزی کرنے والے پر دو لاکھ ریال جرمانہ یا دو برس تک قید کی سزا مقرر ہے ، دونوں سزائیں بیک وقت بھی دی جاسکتی ہیں۔

خلاف ورزی کے مرتکب کی اطلاع ایپ کے ذریعے سینٹرکو مل جاتی ہے(فوٹو، ٹوئٹر)

خلاف ورزی کا مرتکب غیر ملکی ہونے کی صورت میں اسے ملک بدر کرکے ہمیشہ کےلیے بلیک لسٹ بھی کردیاجاتا ہے۔

شیئر: