Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جنت مرزا اور بشریٰ انصاری آمنے سامنے:’احساس ہوا آپ کے پاس دل نہیں‘

جنت مرزا کے فالوورز کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ (فوٹو: انسٹاگرام)
ٹک ٹاک کی دنیا جتنی دلچسپ ہے اتنی حیرت انگیز بھی۔ اس کی وجہ سے ہر سماجی رابطے پر آپ کے ہی چرچے ہوں گے لیکن اس شہرت کے ساتھ تنقید کرنے والوں کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے۔
ایسا ہی کچھ پاکستان کی مشہور ٹک ٹاکر جنت مرزا کے ساتھ ہوا، جنھوں نے گذشتہ دنوں ایک ویڈیو بنائی جس میں انہوں نے ’صلیب‘ کی نشان والی چین جینز کے ساتھ پہن رکھی تھی۔ اس ویڈیو کے منظر عام پر آتے ہی مسیحی برادری کی جانب سے صلیب کی مبینہ توہین پر شدید مذمت کا اظہار کیا گیا۔
اس پر جنت مرزا نے نہ صرف ویڈیو ہٹا دی بلکہ مسیحی برادری سے غلطی کا اعتراف کرتے ہوئے معافی بھی مانگ لی۔
اس واقعے پر جہاں کئی بلاگرز اور پاکستانی اداکاروں نے اپنی رائے کا اظہار کیا وہیں ڈرامہ انڈسٹری کی مشہور اداکارہ بشریٰ انصاری نے بھی جنت مرزا کو تنقید کا نشانہ بنایا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اداکارہ بشریٰ انصاری نے لکھا کہ ’ان جاہل سٹارز پر افسوس ہے جنہیں نہ اسلام کا علم ہے اور نہ دوسرے مذاہب کا۔
اداکارہ بشریٰ انصاری کی طرف سے یہ ردعمل سامنے آنے کے بعد ٹک ٹاکر جنت مرزا اور ان کی بہن علشبہ مرزا نے انہیں سخت الفاظ میں جواب دیا۔
جنت مرزا نے اپنے ویڈیو پیغام میں سینیئر اداکارہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’ یہ اچھا اخلاق نہیں ہے مجھے آج احساس ہوا آپ کے پاس دل نہیں ہے، بس اتنا کہوں گی دوسروں پر تنقید کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں لازمی جھانکیں۔‘
اس کے کچھ ہی دیر بعد اداکارہ بشریٰ انصاری کی جانب سے پوسٹ ڈیلیٹ کر دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے لاہور کی مسیحی برداری نے ’اپنے مقدس نشان کی توہین‘ پر ایف آئی اے سائبر کرام کو جنت مرزا کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دی تھی۔
جنت مرزا کا شمار پاکستان کے ان مشہور ٹک ٹاکرز میں ہوتا ہے جن کے فالوورز کی تعداد لاکھوں میں ہے۔

شیئر: