Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ کی وہ اداکارائیں جنہوں نے اپنی شادی پر لہنگے کے بجائے ساڑھی پہنی

دیپیکا نے اپنی شادی کے موقع پر کانجی ورم کی ساڑھی زیب تن کی تھی۔ فوٹو: رنویر کپور انسٹا
شادی کا جوڑا کسی بھی دلہن کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔ چاہے لہنگا ہو یا غرارہ، شادی کے دن کی مناسبت اس کے رنگوں، کڑھائی اور ڈیزائن پر انتہائی توجہ دی جاتی ہے۔
اس خاص دن کے لیے عام طور پر تو خواتین لہنگے یا غرارے کا ہی چناؤ کرتی رہتی ہیں لیکن کبھی کبھی ساڑھی بھی دلہن پر خوب سجتی ہے۔
انڈین ویب سائٹ انڈیا ڈاٹ کام کے مطابق بالی وڈ کی مشہور اداکاراؤں نے اپنے شادی کے موقع پر ساڑھی پہننے کو ہی ترجیح دی ہے۔ چاہے وہ مس ورلڈ کا اعزاز حاصل کرنے والی ایشوریا رائے ہوں یا پھر ڈمپل گرل دیپکا پاڈوکون۔

دیا مرزا نے اپنی شادی کے موقع پر سرخ رنگ کی بنارسی کی ساڑھی پہنی تھی جس کے ساتھ انہوں نے سنہری جیولری کا چناؤ کیا تھا۔ دیا مرزا کی شادی انڈیا کی ایک کاروباری شخصیت ویبھو ریکھی کے ساتھ رواں سال فروری میں ہوئی تھی۔

دیپکا پاڈوکون اور رنویر کپور کی شادی ان کے تمام فینز کی توجہ کا مرکز رہی تھی۔ ویسے تو انہوں نے اس خاص دن کی تقریبات کو کافی خفیہ رکھا تھا لیکن بعد میں منظر عام پر آنے والی تصاویر سے معلوم ہوا کہ دیپیکا اپنی شادی کے موقع پر سرخ اور سنہری رنگ کی ساڑھی میں ملبوس تھیں جس کے ساتھ انہوں نے راجستھانی جیولری پہنی تھی۔

گوری رنگت کے اشتہارات سے شہرت پانے والی اداکارہ یامی گوتم حال ہی میں انڈین مصنف اور ہدایتکار ادتیہ دھر کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھی ہیں۔ اپنے اس اہم دن پر انہوں نے سرخ ساڑھی کے ساتھ سنہری جیولری پہنی۔ 

غیر روایتی کردار نبھانے والی اداکارہ ودیا بالن اکثر موقعوں پر ساڑھی میں ہی نظر آتی ہیں۔ اپنے شادی کے اس خاص دن کے موقع پر بھی انہوں نے ساڑھی کا ہی چناؤ کیا تھا۔

بلاک بسٹر فلم دل والے دلہنیا لے جائیں گے کی اداکارہ کاجول کی اجے دیوگن کے ساتھ شادی فروری 1999 میں ہوئی تھی۔ اس موقع پر کاجول نے سبز رنگ کی روایتی ساڑھی پہنی تھی۔

ملکہ حسن ایشوریا رائے نے اپنی شادی کے موقع پر کانجی ورم کی سلک کی ساڑھی کا چناؤ کیا تھا۔ کانجی ورم کی ساڑھیاں انڈیا کی جنوبی ریاست تامل ناڈو میں تیار کیا جاتی ہیں۔

شیئر: