Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جب کاجول شوٹنگ کے دوران سائیکل سے گِر کر ’یادداشت کھو بیٹھیں‘

اداکارہ کاجول نے شوٹنگ کے دوران پیش آنے والا ایک دلچسپ واقعہ مداحوں سے شیئر کیا ہے (فوٹو: سکرین گریب)
90 کی دہائی کی بلاک بسٹر فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کسے یاد نہیں، کرن جوہر کی ہدایت کاری میں بننے والی اس فلم میں بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان، کاجول اور رانی مکھرجی نے اداکاری کا ایسا جادو جگایا کہ یہ فلم آج بھی ماضی کی بہترین فلموں میں سے ایک سمجھی جاتی ہے۔
ہر فلم کی شوٹنگ کے دوران کوئی نہ کوئی دلچسپ واقعہ ضرور ہوتا ہے جو بعد میں ایک حسین یاد بن جاتا ہے۔ اداکارہ کاجول نے آج جمعرات کو سائیکل کے عالمی دن کے موقع پر اپنی فلم ’کچھ کچھ ہوتا ہے‘ کی شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے ایک دلچسپ واقعے کا ذکر کیا ہے۔
انہوں نے فلم کے ایک گانے کی شوٹنگ کا ویڈیو کلپ شیئر کیا جس میں وہ اور شاہ رخ خان سائیکل چلا رہے ہیں اور اچانک ہی کاجول سائیکل پر اپنا توازن کھو بیٹھتی ہیں اور دھڑام سے زمین پر منہ کے بل گر جاتی ہیں۔
کاجول دیوگن نے اس ویڈیو کلپ کے ساتھ لکھا ’اور آپ سب کو بھی سائیکل کا دن مبارک ہو۔‘
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 
 

A post shared by Kajol Devgan (@kajol)

کاجول کی اس پوسٹ کے کمنٹ سیکشن میں اس فلم کے ہدایت کار کرن جوہر نے بھی مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ’او گاڈ! مجھے یہ بہت اچھی طرح یاد ہے اور اس کے بعد جو ہوا میں وہ نہیں بھول سکتا۔‘

کاجول دیوگن اس سے پہلے بھی کئی انٹرویوز میں یہ بتا چکی ہیں کہ ’اس گانے کی شوٹنگ کے دوران وہ سائیکل سے گر گئی تھیں جس کے بعد ان کے گھٹنے پر چوٹ آئی تھی اور وہ اپنی ’یادداشت کھو‘ چکی تھیں۔‘
اداکارہ کے بقول ’انہیں صرف ایک ہی شخص یاد تھا جو ان کے شوہر اجے دیوگن تھے۔ کرن جوہر نے اجے دیوگن کو سیٹ پر بلایا تھا جنہوں نے کاجول کو ہوش میں لانے کے لیے مدد کی۔‘

شیئر: