Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

49 پاکستانی قیدیوں کو سعودی جیلوں سے رہا کر دیا گیا: بلال اکبر

پاکستانی سفیر کے مطابق ’49 پاکستانی قیدی رہا ہو چکے ہیں۔‘ (فوٹو: روئٹرز)
سعودی عرب میں پاکستانی سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) بلال اکبر نے کہا ہے کہ رمضان کے مہینے سے لے کر اب تک 49 پاکستانی قیدیوں کو سعودی جیلوں سے رہا کر دیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق منگل کو پاکستانی فلاحی کام کرنے والی شخصیات کی طرف سے قیدیوں کے ایما پر ہرجانے کی رقم ادا کرنے پر بلال اکبر نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’حق خاص کے چار مزید کیسز کو حل کر لیا گیا ہے۔‘
انہوں نے منگل کو رات گئے ایک ٹویٹ میں لکھا کہ 14 اپریل کو ’رمضان کے آغاز سے اب تک 49 پاکستانی قیدی رہا ہو چکے ہیں اور مزید 53 کیسز حل ہونا باقی ہیں۔‘
خیال رہے کہ مئی میں وزیراعظم عمران خان کے سعودی عرب کے دورے کے دوران دونوں ممالک نے سزا یافتہ پاکستانی قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر دستخظ کیے تھے۔
گذشتہ ماہ وزیر داخلہ شیخ رشید نے میڈیا کو بتایا تھا کہ سعودی جیلوں میں 11 سو پاکستانی قیدی موجود ہیں۔
سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سنہ 2019 میں پاکستان کے دورے میں دو ہزار 17 پاکستانیوں کو سعودی جیلوں سے رہا کرنے کا اعلان کیا تھا۔
پاکستانی حکام کے مطابق اس اعلان کے بعد 12 سو زائد پاکستانیوں کو سعودی جیلوں سے رہا کیا جا چکا ہے۔

شیئر: