Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب کی معروف فاسٹ فوڈ چین 'البیک' اب دبئی مال میں

تبوک میں پہلی ڈرائیو ان برانچ کھلنے پر گاڑیوں کی 4 کلومیٹر طویل قطاریں لگ گئیں۔(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب کے پسندیدہ اور انتہائی مشہور مقامی برانڈز میں شامل 'البیک' اب متحدہ عرب امارت کے دبئی مال میں آرہا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق مشہور زمانہ فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ چین، دبئی مال میں ایک نئی شاخ کا افتتاح کرنے والا ہے۔ یہ برانچ امارات میں مقامی اورغیر ملکیوں کے لیے پہلی مرتبہ البیک کی مختلف ڈشز کی رینج لے کر آ رہی ہے۔

واضح رہے کہ دور حاضر میں سعودی عرب کی انتہائی مشہور فاسٹ فوڈ چین البیک کا پہلا ریسٹورنٹ 1974 میں جدہ میں قائم کیا گیا تھا۔ آج سعودی عرب اور بحرین میں اس کی 120 سے زیادہ شاخیں ہیں۔
البیک کو سی این این کی جانب سے دنیا کی 8 بہترین فوڈ چینز کی فہرست میں شامل کیا جا چکا ہے۔
سعودی عرب میں البیک نے اپنے پسند کرنے والوں کی ایک ایسی پرجوش کمیونٹی تیارکر لی ہے جو اس برانڈ کی مقبولیت کو آگے بڑھا رہی ہے۔
البیک نے کورونا وبا کے دوران سعودی عرب کے شہر تبوک میں اپنے کھانے کے ٹرکوں کے ذریعے 8 لائنوں پرمشتمل دنیا کی پہلی ڈرائیو ان فوڈ برانچ کھولی تھی جہاں گاڑیوں کی 4 کلومیٹرسے زیادہ طویل قطاریں لگ گئی تھیں۔
دریں اثنا 2020 کےآخرمیں بحرین میں تین شاخیں کھولنے کے بعد البیک کو دبئی میں بھی برانچ کھولنے کا موقع مل رہا ہے۔  دبئی مال میں 355 مربع میٹر رقبے پر نیا ریسٹورنٹ چکن کے ساتھ  ساتھ سی فوڈ اور ویجیٹیبل پر مشتمل ڈشز بھی پیش کرے گا۔

سعودی عرب کا مقامی  برانڈ نیشنل ہولڈنگ، ابو ظبی کی قائم کردہ کمپنی سروکوئسٹ کے تعاون سے متحدہ عرب امارات میں قدم جما رہا ہے۔
یہ کمپنی البیک کو یواے ای کی ساتوں ریاستوں میں چلانے اور اسے توسیع دینے کے لئے وقف ہے۔
اس کمپنی کی سربراہی ایک ماہر ٹیم کر رہی ہے جو امارات میں کئی کامیاب ریسٹورنٹ برانڈز کا انتظام چلاتی ہے۔
یواے ای میں البیک فوڈ سسٹمز کے جنرل منیجر یزن ملحص نے کہا کہ البیک  نے اپنی تربیت یافتہ ٹیم  کے ارکان کی محنت اور لگن کی بدولت سعودی عرب کے سب سے مشہور ریستوران کا مقام حاصل کرلیا ہے جو ہمہ وقت غیر معمولی معیار اور کسٹمرز کی صد فیصد محبتوں پر مبنی کھانا فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ 
موجودہ چیلنجوں کے باوجود بحرین میں ہمارے حالیہ افتتاح غیرمعمولی طور پر کامیاب ثابت ہوئے اور ہمیں امارات میں البیک کی پہلی شاخ کے ساتھ اپنی رسائی کوتوسیع دینے پر خوشی ہے۔ ہم اپنے باوفا صارفین کی خدمت کے لئے جہاں بھی انہیں ہماری ضرورت ہوگی خدمات پیش کرتے رہیں گے۔

سرو کوئسٹ کے سی ای او کریم حجالی نے بتایا ہے کہ سعودی عرب سے آنے والے بہت سارے زائرین البیک کی یادوں کے ساتھ واپس آتے ہیں۔
اسی طرح ایسے مقامی حضرات یا سعودی عرب کے سابق رہائشی البیک کی لذت اور اسے دوبارہ حاصل کرنے کے لیے بے چین رہتے ہیں۔
ہمیں اس انتہائی پسندیدہ  برانڈ کے ساتھ شراکت کرنے پر فخر ہے اور دبئی میں اس کی آمد پرخوشی محسوس ہورہی ہے کہ مملکت کا ایک انتہائی لذیذ ذائقہ یہاں دستیاب  ہو گا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب کی فوڈ چین البیک نے 2019 میں صحت کے حوالے سےبرانڈ کی سالانہ درجہ بندی میں ابتدائی فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ میں مقام حاصل کیا۔
حج کے دوران ایک برانچ پر ایک ہی دن میں کھانے کے سب سے زیادہ پارسل تقسیم کرنے کی خدمت کا ریکارڈ بھی البیک کو حاصل ہے۔

 

فوٹوز بشکریہ ٹوئٹر

شیئر: