Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ساختہ وینٹی لیٹر کا افتتاح، سالانہ چھ ہزار تیار ہوں گے

ہسپتالوں کو مصنوعی تنفس کے آلات کی ضرورت مسلسل پڑتی رہتی ہے (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزارت صنعت و معدنیات بندر الخریف نے سعودی ساختہ وینٹی لیٹر کا افتتاح کیا ہے۔ اس موقع پر وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ اور دیگر سرکاری عہدیدار بھی موجود تھے۔ 
الاخباریہ کے مطابق وزیر صنعت نے کہا کہ ’سعودی ساختہ وینٹی لیٹر بین الاقوامی معیار کا ہے اور یہ قومی صنعت کی اہم پیش رفت ہے۔ یہ طبی آلات اندرون ملک تیار کرنے اور صحت کے  شعبے میں خودکفیل بننے سے متعلق اعلیٰ قیادت کے خوابوں کی تعبیر ہے۔‘

وزیر صنعت کے مطابق یہ کامیابی سرکاری ادارے اور پبلک سیکٹر کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے (فوٹو: ایس پی اے)

وزیر صنعت کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’یہ کامیابی وزارت صحت، سعودی فوڈ اینڈ  ڈرگ اتھارٹی، سرکاری سودا جات کے ادارے اور پبلک سیکٹر کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔‘
وزیر صحت ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ ’میڈیکل آلات کی صنعت پیچیدہ اور ترقی یافتہ ہے۔ وزارت صحت میڈیکل آلات کے شعبے میں جدید ترین بین الاقوامی ٹیکنالوجی کے ساتھ چل رہی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اس قسم کی مشینوں کی تیاری  کورونا وبا سے نمٹنے میں معاون ہو گی- ہمارے ہسپتالوں کو مصنوعی تنفس کے آلات کی ضرورت مسلسل پڑتی رہتی ہے۔‘ 

وینٹی لیٹر کی تیاری میں 48 فیصد سامان سعودی عرب کا استعمال کیا جا رہا ہے(فوٹو: ایس پی اے)

صنعتی فروغ کے قومی مرکزکا کہنا ہے کہ ’الرواد  کمپنی  سالانہ چھ ہزار وینٹی لیٹر تیار کرے گی۔ ان کی تیاری میں 48 فیصد سامان سعودی عرب کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ فیکٹری میں 50 کارکن سعودی ہیں۔‘
یاد رہے کہ وینٹی لیٹر پی بی 560 ساخت کا ہے۔ اسے ہاؤس کیئر، ہیلتھ کیئر سینٹر اور ہسپتالوں میں کثرت سے استعمال کیا جا رہا ہے۔ اس سے گھروں پر بھی فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔ 

شیئر: