Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حرمین میں ہر نماز کے لیے دو امام اور تین موذن مقرر کرنے کا فیصلہ

’فوری طور پر فیصلے پر عمل کرتے ہوئے ہر نماز کے لئے ائمہ اور موذنین کا نیا جدول ترتیب دیا جائے‘ ( فوٹو: ٹوئٹر)
حرمین شریفین میں ہر فرض نماز کے لئے دو امام اور تین موذن مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق حرمین شریفین انتظامیہ کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے فیصلے پر فوری عملدر آمد کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ  کل بدھ کو مسجد نبوی میں فجر کی نماز میں 45 منٹ کی تاخیر ہوگئی تھی جس کے باعث انتظامیہ نے لاپروائی برتنے والے عہداروں کو سبکدوش کر دیا ہے۔
انتظامیہ کے سربراہ نے  کہا ہے کہ ’ائمہ اور موذنین کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ ہر فرض نماز کے لئے مستقل امام کے ساتھ ہنگامی حالت کے لیے ایک اور امام کا تعین کرے‘۔
’اسی طرح ہر فرض نماز کے لئے بیک وقت تین موذن موقع پر موجود ہوں گے تاکہ کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال پر قابو پایا جا سکے‘۔
ڈاکٹر عبد الرحمن السدیس نے کمیٹی کو ہدایت کی ہے کہ ’فوری طور پر فیصلے پر عمل کرتے ہوئے ہر نماز کے لیے ائمہ اور موذنین کا نیا جدول ترتیب دیا جائے‘۔
’جدول کی ترتیب میں اس بات کا خیال رکھا جائے کہ تمام نمازوں کی اذان اور اقامت وقت مقررہ پر دی جائے اور امامت میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو‘۔

شیئر: