Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خضدار: بس حادثے میں کم از کم 18 افراد ہلاک، 45 زخمی

بلوچستان کے ضلع خضدار میں بس حادثے میں کم از کم 18 افراد ہلاک اور 45 زخمی ہوگئے۔ حادثے کا شکار ہونے والی بس زائرین کو لے کر سندھ جارہی تھی۔
ڈپٹی کمشنر خضدار میجر ریٹائرڈ بشیر احمد کے مطابق حادثہ خضدار سے تقریباً 40 کلومیٹر دور تحصیل کرخ میں خضدار رتوڈیرو شاہراہ پر بھلونک کے مقام پر پیش آیا، جہاں ایک بس تیز رفتاری کی وجہ سے موڑ کاٹتے ہوئے ڈرائیور سے بے قابو ہوکر کھائی میں جاگری۔ 
اردونیوزسے بات کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر خضدار نے بتایا کہ بس زائرین سے کچھا کچھ بھری ہوئی تھی اور اس کی چھت پر بھی لوگ بیٹھے ہوئے تھے۔
انہوں نے حادثے میں 18 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ لاشوں اور 45 زخمیوں کو خضدار ٹیچنگ ہسپتال اور کمبائنڈ ملٹری ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 10 زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ حادثے کا شکار ہونے والوں میں بچے بھی شامل ہیں۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر خضدار ڈاکٹر سومر بلوچ کے مطابق 17 زخمیوں کو سر اور جسم کے دیگر حصوں میں شدید چوٹیں آئی ہیں جنہیں سی ایم ایچ منتقل کردیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر بشیراحمد بڑیچ نے بتایا کہ ہلاک و زخمی افراد کا تعلق دادو سمیت سندھ کے مختلف علاقوں سے ہے جو خضدار کے علاقے وڈھ کاکا ہیر میں پیر عبدالقادر نقشبندی کے سالانہ عرس میں شرکت کے بعد واپس جارہے تھے۔ 
 

شیئر: