Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کھلے مقامات پر کارکنان کے دھوپ میں کام کرنے پر پابندی پندرہ جون سے

پابندی کا سلسلہ بدھ 15 ستمبر 2021 تک جاری رہے گا۔(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے کہا ہے کہ منگل 15جون سے کھلے مقامات پر دھوپ میں کارکنان کی ڈیوٹی پر پابندی شروع ہوجائے گی۔
بیان میں کہا گیا کہ روزانہ دوپہر بارہ سے سہ پہر تین بجے تک پابندی موثر رہے گی پابندی کا سلسلہ بدھ 15 ستمبر 2021 تک جاری رہے گا۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزیر افرادی قوت و سماجی بہبود انجینیئر احمد الراجحی نے جمعرات 10 جون کو حکم جاری کیا تھا کہ کارکنان کی صحت و سلامتی کی خاطر دوپہر بارہ سے کر سہ پہر تین بجے تک کھلے مقامات پر ڈیوٹی لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔ تمام نجی اداروں کو اس کا پابند بنادیا گیا ہے۔
وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے یہ پابندی نجی اداروں کے کارکنان کی صحت و سلامتی کی خاطر لگائی ہے اور انہیں اس بات کا پابند بنایا ہے کہ وہ کارکنان کو محفوظ ماحول فراہم کریں۔ ایسا کوئی کام نہ کریں جس سے ان کی صحت و سلامتی متاثر ہوتی ہو۔
وزارت افرادی قوت نے آجروں سے کہا ہے کہ وہ مذکورہ پابندی کے تناظر میں نئے اوقات کار متعین کریں۔
وزارت نے کہا ہے کہ اس حوالے سے اگر کسی کے ذہن میں کوئی سوال ہو تو وہ کیئر سروس 19911 پر رابطہ کرکے معلوم کرسکتا ہے۔

شیئر: