Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویکسین لگوائیں، مرغیاں، گائیں اور اپارٹمنٹس پائیں: شہریوں کو پیشکش

تھائی لینڈ میں ویکسین لگوانے پر ایک شہری کو انعام کے طور پر گائے دی گئی (فوٹو: ان سپلیش)
تھائی لینڈ، انڈونیشیا اور ہانگ کانگ سمیت دیگر ایشیائی ممالک میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے پر انعام کے طور پر مرغیاں، گائیں یہاں تک کہ لاکھوں ڈالر کے اپارٹمنٹ بھی پیش کیے جا رہے ہیں۔
حالیہ ہفتوں میں کورونا وائرس کی نئی لہر سے جنوبی ایشیا میں کیسز میں اضافہ ہوا ہے جس کا مقابلہ کرنے حکام نے ویکسینیشن کے بدلے لکی ڈرا کا انتظام کیا ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق تھائی لینڈ کے چیانگ مائی کے ضلع مئی چھیم میں، جہاں زیادہ تر رہائشی مویشیوں کا کاروبار کرتے ہیں، حکام نے رواں مہینے گائے کا انعام رکھا جو کہ کامیاب اقدام ثابت ہورہا ہے۔
انکھام تھونگ کھام نامی 65 سالہ شخص نے کورونا وائرس ویکسین لگوانے پر 320 ڈالر کی ایک سالہ گائے جیتی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’یہ سب سے اچھا تحفہ ہے۔‘
انعامات دینے کا یہ دوسرا ہفتہ ہے اور حکام کے پاس ابھی دینے کو 27  گائیں ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس مہم سے ضلع کی 1400 رہائشیوں میں 50 فیصد سے زائد نے ویکسین کے لیے رجسٹریشن کروا لی ہے۔ ان میں سے زیادہ تر بڑی عمر کے افراد ہیں۔
تھائی لینڈ کی 6.6 کروڑ کی آبادی میں سے اب تک صرف 47.6 لاکھ افراد نے ویکسین کی کم از کم پہلی خوراک لگوا لی ہے۔
ایشیا میں ویکسین کے متعلق غلط معلومات کے پھیلاؤ اور غیریقینی کی وجہ سے بہت سے لوگ ویکسین لگوانے سے کترا رہے ہیں۔

ہانگ کانگ میں ویکسین لگوانے والوں کے لیے 14 لاکھ ڈالر لاگت کا اپارٹمنٹ پیس کیا گیا ہے  (فوٹو: ان سپلیش)

ہانگ کانگ میں اب تک کورونا کی صورت حال قابو میں ہے تاہم حکام کو تشویش ہے کہ اگر شہریوں نے ویکسین نہ لگوائی تو وبا تیزی سے پھیل سکتی ہے۔
اسی وجہ سے ملک میں ویکسین لگوانے والوں کو شاپنگ واؤچر، ہوائی سفر اور 14 لاکھ ڈالر کی لاگت کے نئے اپارٹمنٹ سمیت دیگر انعامات پیش کیے جا رہے ہیں۔
اس کے علاوہ کچھ دفاتر میں ملازمین کو ویکسین لگوانے پر تنخواہ دے کر چھٹیوں پر بھیجا جا رہا ہے۔

انڈونیشیا میں حکام ویکسین سے متعلق لوگوں میں پائے جانے والے خوف کو دور نہیں کر پائے (فوٹو: اے ایف پی)

اسی ایک نجی سپورٹس کلب میں انعامات کے بجائے ویکسین نہ لگوانے والے ملازمین کو سزا دی جا رہی ہے۔ وہاں عملے کو کہا گیا ہے کہ جون کے آخر تک ویکسین نہ لگوانے پر انہیں مستقبل میں مراعات، ترقی اور نتخواہ میں اضافہ نہیں دیا جائے گا۔
انڈونیشیا جیسے ممالک میں، جہاں کورونا وائرس تیزی سے پھیلا ہے، وہاں حکام ویکسین سے متعلق لوگوں میں پائے جانے والے خوف کو دور نہیں کر پائے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق انڈونیشیا میں 19 لاکھ کورونا کیسز رپورٹ ہوئے اور اموات کی تعداد 53 ہزار 280 ہے۔
تاہم حالیہ تحقیق میں دیکھے جانے والے بلڈ سیرم کے نمونے بتاتے ہیں کہ کیسز کی تعداد تعداد 30 گنا زیادہ ہو سکتی ہے۔
انڈونیشیا کے مغربی صوبے جاوا میں ایک 67 سالہ شہری کا کہنا تھا کہ 'مجھے ڈر تھا کہ ویکسین لگواتے ہی میں جان سے ہاتھ دھو بیٹھوں گا، پھر ایک اور خبر آئی کی ویکسین میں سور کا گوشت شامل ہو سکتا ہے۔‘

شیئر: