Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسلم لیگ ق کے رہنما پرویز الہٰی کی سابق صدر آصف زرداری سے ’اچانک‘ ملاقات

مسلم لیگ ق ماضی میں پیپلز پارٹی کی وفاقی حکومت میں اتحادی رہ چکی ہے (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق صدر آصف علی زرداری سے مسلم لیگ ق کے رہنما اور پنجاب کی اسمبلی کے سپیکر چوہدری پرویز الہیٰ نے ملاقات کی ہے۔
منگل کو یہ اہم سیاسی ملاقات لاہور کے بلاول ہاؤس میں ہوئی۔
پیپلز پارٹی میڈیا سیل کے مطابق پنجاب اسمبلی کے سپیکر پرویز الہیٰ لاہور کے بلاول ہاؤس پہنچے جہاں سابق صدر آصف زرداری نے ان کا استقبال کیا۔ ’آصف زرداری اور پرویز الہی نے اس امر پر اتفاق کیا کہ وہ آزاد عدلیہ پر یقین رکھتے ہیں، آزاد عدلیہ اور جمہوریت لازم و ملزوم ہیں جبکہ عدلیہ کا احترام جمہوریت کا ایک جزو ہے۔‘

 

جاری کیے گئے بیان کے مطابق ملاقات کے دوران آصف زرداری نے پرویز الہٰی سے چوہدری شجاعت حسین کی صحت سے متعلق دریافت کیا۔
اس موقع پر سابق صدر آصف زرداری اور پاکستان مسلم لیگ ق پنجاب کے صدر پرویز الہی کے درمیان سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا، دونوں رہنماؤں نے پنجاب کی سیاسی صورت حال پر بھی خصوصی گفتگو کی۔
اس ملاقات کو مبصرین پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال میں اہم قرار دے رہے ہیں جہاں اس وقت پیپلز پارٹی اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد ڈیموکریٹ موومنٹ (پی ڈی ایم) سے باہر ہے۔
لاہور میں ہونے والی اس ملاقات پر تحریک انصاف کی جانب سے تاحال صرف وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے ردعمل ظاہر کیا ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پرویزالٰہی اورآصف زرداری کی ملاقات حکومت کے لیے خطرے کی گھنٹی نہیں، مہمان نوازی اور میزبانی پنجاب کا کلچر ہے، آصف زرداری اور چوہدری برادران کے درمیان پرانے تعلقات ہیں۔ 
ملاقات کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے اردو نیوز کو بتایا کہ آصف علی زرداری مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی عیادت کے لیے جانا چاہتے تھے تاہم پرویز الہٰی نے کہ ’آپ بڑے ہیں آپ نہ آئیں، میں آپ کے پاس آ جاتا ہوں۔‘

پنجاب اسمبلی کے سپیکر پرویز الہیٰ سابق صدر زرداری سے ملاقات کے لیے لاہور میں ان کے گھر گئے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی

انھوں نے کہا کہ بظاہر اس ملاقات کا کوئی ایجنڈا نہیں تھا تاہم جب دو سیاسی رہنما ملتے ہیں تو ظاہر ہے سیاسی باتیں کرتے اور سیاست پر گفتگو ہوتی ہے۔
’چوہدری برادران اور آصف علی زرداری کے درمیان ایک اچھی سیاسی ہم آہنگی رہی ہے یقیناً آج ہونے والی ملاقات میں بھی سیاسی امور ہی غور آئے تاہم اس ملاقات کا اپوزیشن کی احتجاجی تحریک اور صوبائی حکومت سے متعلق معاملات سے کوئی لینا دینا نہیں۔'
خیال رہے کہ گزشتہ ہفتے پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے بھی سپیکر پرویز الہیٰ سے ملاقات کی تھی۔
یاد رہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنما ماضی قریب میں کئی بار مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کو عثمان بزدار کی پنجاب حکومت کے اسمبلی میں عدم اعتماد کے ذریعے ختم کرانے کی پیشکش کر چکے ہیں۔
مسلم لیگ ق ماضی میں پیپلز پارٹی کی وفاقی حکومت میں اتحادی رہ چکی ہے جہاں چوہدری پرویز الہیٰ ڈپٹی وزیراعظم تھے۔

شیئر: