Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹوئٹر کے کون سے فیچرز کے لیے صارفین قیمت ادا کریں گے؟

ایستھر کرافورڈ کے مطابق ’ٹوئٹر کو ایسی جگہ بنانا چاہتے ہیں جہاں سے پیسہ بھی بنے۔‘ (فوٹو اے ایف پی)
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر نے اعلان کیا ہے کہ امریکہ میں صارفین ایک نئے فیچر کا ٹیسٹ کریں گے جس سے ان کے مداح خصوصی مواد تک رسائی کے لیے قیمت ادا کریں گے۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ٹوئٹر نے امریکہ میں موجود صارفین سے درخواستیں حاصل کرنا شروع کر دی ہیں جو ’ٹکٹڈ سپیس اور سپر فالوز‘ سے پیسہ بنانا چاہتے ہیں۔
ٹوئٹر کے اس فیچر کی ٹیم ممبران ایلن ہیولیسیک اور ایستھر کرافورڈ نے کہا ہے کہ ’ٹکٹد سپیس کی مدد سے آپ دلچسپ لائیو آڈیو سٹریمنگ کی سروس مہیا کر سکتے ہیں جس کے لیے صارفین قیمت ادا کریں گے۔‘
’سپر فالوز کے ذریعے آپ سب سے زیادہ جُڑے فالورز کے ساتھ براہ راست رابطے میں رہ سکتے ہیں جس سے ریونیو ملے گا۔‘
’ٹکٹڈ سپیس‘ کے ذریعے ٹوئٹر سٹارز اپنے مواد کو ایک ڈالر سے 999 ڈالرز تک فروخت کر سکیں گے، جبکہ ’ٹوئٹر فالوز‘ کی ماہانہ سبسکرپشن تین، پانچ یا 10 ڈالرز تک ہو گی۔
ایلن ہیولیسیک اور ایستھر کرافورڈ کا کہنا ہے کہ ’ہم ٹوئٹر کو محض محظوظ ہونے کا پلیٹ فارم نہیں بنانا چاہتے، بلکہ ایسی جگہ بنانا چاہتے ہیں جہاں سے پیسہ بھی بنے۔‘
ٹیم ممبرز نے کہا کہ جو صارفین ان فیچرز کے ذریعے پہلی مرتبہ 50 ہزار ڈالرز کمائیں گے ٹوئٹر ان سے اس رقم کا تین فیصد وصول کرے گا۔ اس کے بعد ٹوئٹر کی فیس 20 فیصد ہوگی۔
’ہم چاہتے ہیں کہ آغاز میں صارفین کی تھوڑی سے تعداد ان فیچرز کو ٹرائل کے طور پر حاصل کرے۔ تاکہ ہم اسے بڑے پیمانے پر متعارف کروانے سے پہلے ٹیسٹ کر سکیں۔‘

شیئر: