Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریسٹورنٹس میں کھانے،پبلک ٹرانسپورٹ میں 70فیصد مسافروں کی اجازت

پاکستان بھر میں کاروباری اوقات رات 8 بجے کے بجائے رات 10 بجے تک کردیا گیا ہے (فوٹو: اے ایف پی)
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے پاکستان بھر میں کاروباری اوقات رات 8 بجے کے بجائے رات 10 بجے تک کردیے ہیں جبکہ پیٹرول پمپس، میڈیکل سٹورز اور کھانے پینے کی اشیا کی دکانوں کو 24 گھنٹے کھلا رکھا جاسکے گا۔
این سی او سی کے مطابق ’ہفتے میں کاروبار ایک دن بند رہے گا اور اس روز کا فیصلہ صوبے خود کریں گے۔‘
پیر کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ’ریسٹورنٹس کے اندر 50 فیصد گنجائش کے ساتھ کھانا کھلانے کی اجازت ہوگی اور یہ اجازت صرف ویکسین شدہ افراد کے لیے ہی ہوگی۔‘

 

’ہوٹلز اور ریسٹورنٹس انتظامیہ ویکسینیشن سرٹیفکیٹس چیک کرنے کا لائحہ عمل بنائے گی۔‘
’اس کے علاوہ شادی کی آؤٹ ڈور تقریب میں 400 افراد کو بلانے کی اجازت ہوگی جبکہ 200 ویکسین شدہ افراد ان ڈور شادی کی تقریب میں شریک ہوسکیں گے۔‘
این سی او سی نے ’رات ایک بجے تک ویکسین شدہ افراد کے لیے سنیما کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔‘
اس کے علاوہ پبلک ٹرانسپورٹ بشمول ریلوے کو 70 فیصد گنجائش کے ساتھ جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے تاہم مسافروں کے لیے ماسک پہننا لازمی ہوگا۔ 
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ’نئے احکامات تک بیرون ملک سے پاکستان آنے والے مسافروں کے لیے موجودہ ایس او پیز کی پابندی برقرار رہے گی۔‘
این سی او سی نے’ثقافتی، مذہبی اور دیگر اجتماعات پر پابندی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ مقررہ ضوابط کے تحت مزارات کو دوبارہ کھولنے کی اجازت دی گئی ہے۔‘

پبلک ٹرانسپورٹ بشمول ریلوے کو 70 فیصد گنجائش کے ساتھ جاری رکھنے کی اجازت دی گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ’تفریحی مقامات اور سوئمنگ پولز کو 50 فیصد گنجائش کے ساتھ کھولا جاسکے گا۔‘
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک بھر میں جِم کھولنے کی اجازت بھی دے دی ہے، اور جم میں آنے والوں کے ویکسینیشن سرٹیفیکیٹس چیک کرنے کی ذمہ داری جم انتظامیہ کی ہوگی۔
اجلاس میں کہا گیا ہے کہ تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی چھٹیوں کا فیصلہ صوبوں کی اپنی صوابدید ہے اور این سی او سی میں اس حوالے سے کوئی اجلاس نہیں ہوا۔

شیئر: