Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا وائرس: امریکہ نے شہریوں کو متحدہ عرب امارات کے سفر سے روک دیا

امریکہ محکمہ خارجہ نے پیر کو ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔ (فوٹو: عرب نیوز)
امریکہ نے کورونا وائرس کی صورتحال میں سفر سے متعلق ایڈوائزری میں تبدیلی کرتے ہوئے شہریوں کو متحدہ عرب امارات کے سفر سے روک دیا ہے۔
امریکہ کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے سفر کے خواہشمندوں کے لیے ٹریول ایڈوائزری کا درجہ بڑھا کر اسے ’لیول فور، سفر نہ کریں‘ کر دیا گیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ نے پیر کو ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریوینشن (سی ڈی سی) نے امارات کے لیے ’لیول فور ٹریول ہیلتھ نوٹس‘ جاری کیا ہے۔ اس میں امارات میں کورونا وائرس کی وبا سے پیدا شدہ صورتحال کو بنیاد بنایا گیا ہے۔
خیال رہے کہ سی ڈی سی کی جانب سے کورونا وبا کی صورتحال کی نشاندہی پانچ درجوں میں کی جاتی ہے، ان میں لیول فور کو سب سے زیادہ حساس قرار دیا جاتا ہے۔ جب کہ محکمہ خارجہ کی ٹریول ایڈوائزری کے لیے چار درجے مقرر ہیں، ان میں بھی لیول فور کو سب سے زیادہ حساس تسلیم کیا جاتا ہے۔
سی ڈی سی کی ویب سائٹ پر درج تفصیل کے مطابق ’امارات کا سفر نہ کیا جائے۔ اگر ایسا کرنا لازم ہو تو یقینی بنائیں کہ سفر سے قبل آپ ویکسین لگوا چکے ہوں۔‘
امریکی ادارے کے نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ ’متحدہ عرب امارات میں موجود صورتحال میں ویکسین لگوا لینے والے مسافر بھی کورونا وائرس کا شکار ہو سکتے اور اسے پھیلانے کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔‘
امریکہ کی جانب سے لائبیریا، موزمبیق، یوگنڈا اور زمبیا کے لیے بھی ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی کر کے اسے ’سفر نہ کریں‘ کر دیا گیا ہے۔
گذشتہ روز متحدہ عرب امارات نے بھی پاکستان سمیت 14 ممالک سے آنے والی پروازوں پر عائد پابندی میں 21 جولائی 2021 تک توسیع کی تھی۔
یو اے ای کے جنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ایک نوٹس میں کہا تھا کہ پاکستان سمیت ان 14 ممالک سے آنے والی پروازیں 21 جولائی تک معطل رہیں گی۔ ان ممالک سے کارگو اور چارٹرڈ بزنس فلائٹس اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گی۔

شیئر: