Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا وائرس کی شدت میں اضافہ، ٹی20 ورلڈ کپ انڈیا سے امارات منتقل

سارو گنگولی کے مطابق ’انڈیا اب یہ ایونٹ رواں برس اکتوبر نومبر میں متحدہ عرب امارات میں منعقد کرے گا‘ (فوٹو: اے ایف پی)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (ٓئی سی سی) نے کہا ہے کہ رواں برس ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کو انڈیا سے متحدہ عرب امارات منتقل کر دیا گیا ہے۔
انڈیا میں کورونا وائرس کی شدت کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا۔
قبل ازیں فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سربراہ سارو گنگولی کے حوالے سے پیر کو اس بات کی تصدیق کی تھی کہ یہ ایونٹ اب انڈیا میں نہیں بلکہ متحدہ عرب امارات میں منعقد کیا جائے گا۔‘

 

بی سی سی آئی کے صدر کے مطابق ’انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے کہ انڈیا اب یہ ایونٹ رواں برس اکتوبر نومبر میں متحدہ عرب امارات میں منعقد کرے گا۔‘
انہوں نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ ’ہم نے آئی سی سی کو باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ متحدہ عرب امارات منتقل کیا جاسکتا ہے۔‘
سارو گنگولی کا کہنا ہے کہ ’اس حوالے سے تفصیلات طے کی جارہی ہیں۔‘
بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شُکلا کا کہنا ہے کہ ’ایونٹ کے کوالیفائرز کا انعقاد عمان میں کیا جاسکتا ہے جبکہ باقی میچز متحدہ عرب امارات کے تین وینیوز دبئی، ابوظبی اور شارجہ میں منعقد ہوں گے۔‘
انڈیا میں کورونا وائرس کی ابتر صورت حال کے پیش نظر آئی سی سی نے انڈین کرکٹ بورڈ کو ٹی20 ورلڈ کپ سے متعلق حتمی فیصلہ کرنے کے لیے جون تک ڈیڈ لائن دے رکھی تھی۔

ٹی20 ورلڈ کپ کے میچز متحدہ عرب امارات کے تین وینیوز دبئی، ابوظبی اور شارجہ میں منعقد ہوں گے (فوٹو: جیز شاہ ٹوئٹر)

آبادی کے لحاظ سے دنیا کے دوسرے بڑے ملک انڈیا میں رواں برس اپریل مئی میں کورونا وائرس میں اضافے سے بڑے پیمانے پر اموات ہوئیں اور حکومت نے حالیہ ہفتوں میں کورونا لاک ڈاؤن کے تحت عائد پابندیوں میں نرمی کی ہے۔  
امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق ’انڈیا میں کورونا وائرس کے 3 کروڑ دو لاکھ سے زائد مریض سامنے آچکے ہیں جبکہ 3 لاکھ 96 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔‘

شیئر: