Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نجی شعبے میں سعودائزیشن کی شرح میں اضافہ

انشورنس اور مالیاتی شعبوں میں سعودی ملازمین کی شرح 83.1 فیصد ہے (فوٹو: شٹر سٹاک)
ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ فنڈ کی رپورٹ کے مطابق رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران نجی شعبے میں داخل ہونے والے نئے سعودی ملازمین کی تعداد ایک لاکھ 21 ہزار ہو گئی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق نجی شعبے میں سعودی ملازمین کا تناسب بڑھ کر 22.75 فیصد ہوگیا ہے جبکہ پچھلی سہ ماہی میں یہ تناب 20.37 فیصد تھا۔
انشورنس اور مالیاتی شعبوں میں سعودی ملازمین کی شرح 83.1 فیصد ہے جو دیگر شعبوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ 42.42 فیصد سعودی تعمیراتی، ہول سیل، تجارت اور گاڑیوں کی مرمت کے کاروبار سے منسلک ہیں۔
معاشی تنوع کی جانب بڑھتے ہوئے رجحان اور نئی نسل کے لیے کام کے مواقع پیدا کرنے کی ضرورت کے پیش نظر خلیجی ممالک کی کوشش ہے کہ مختلف شعبوں میں اپنے شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ملازمت کے مواقع فراہم کیے جائیں۔
رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے آخر تک نجی شعبے میں سعودیوں کی اوسط تنخواہ پانچ ہزار 957 ریال ہو گئی ہے۔ سعودی مردوں کی تنخواہ چھ ہزار 767 ریال ہے جبکہ خواتین کی چار ہزار 591 ہے۔
پچھلے سال کے مقابلے میں رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران سوشل انشورنس لینے والے صارفین کی تعداد میں 5.45 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، جبکہ سوشل انشورنس لینے والے غیر سعودی صارفین کی تعداد میں 0.4 فیصد کی کمی آئی ہے۔
پچھلی سہ ماہی کے مقابلے میں رواں سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران سعودی عرب میں نجی شعبے میں 2.9 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد نجی اداروں کی تعداد ایک لاکھ 84 ہزار 648  ہو گئی ہے۔

شیئر: