Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان امریکہ و ایران کے درمیان ثالثی کی کوششیں تیز کرے: چین

صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج شام کو بیجنگ پہنچیں گے (فوٹو: اے ایف پی)
چین نے پاکستان کی جانب سے ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی کی کوششوں کو بڑھانے پر زور دیا ہے جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ چین کے دورے کے لیے روانہ ہو گئے ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بیجنگ کے سرکاری میڈیا کا حوالہ دیتے ہوئے بدھ کو بتایا کہ چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ ٹیلی فون پر بات کی۔
منگل کو ہونے والی اس بات چیت میں چینی عہدیدار نے پاکستان پر زور دیا کہ وہ ایران اور امریکہ کے درمیان ثالثی کی کوششوں کو تیز کرے اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھلوانے میں بھی مدد کرے۔
امریکی کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے طے شدہ دورے کے مطابق آج شام کو بیجنگ پہنچنے کی توقع ہے وہ چینی رہنما شی جن پنگ سے ملاقات بھی کریں گے جس میں ایران جنگ پر بھی بات چیت ہو گی۔
چین ایران کا اہم سٹریٹیجک اور اقتصادی شراکت دار ہے۔
چین کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ژینوا کا کہنا ہے کہ وانگ ای کے پاکستان سے ثالثی کی کوششیں تیز، آبنائے  ہرمز کو کھلوانے کے لیے مناسب مدد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وانگ ای نے پاکستان کے نائب صدر اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے کہا کہ ’چین پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا اور اس میں اپنا حصہ بھی ڈالے گا۔‘

امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کا ایک دور 11 اپریل کو اسلام آباد میں ہوا تھا (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان امریکہ اور ایران کے درمیان ایک کلیدی ثالث کے طور پر ابھر کر سامنے آیا، اسی کی کوششوں سے جنگ بندی ممکن ہوئی اور اس کی مدت گزر جانے کے بعد بھی اس میں اضافہ کیا گیا جبکہ ایک بار اسلام آباد میں دونوں ممالک کے اعلیٰ حکام کے درمیان مذاکرات بھی ہوئے جبکہ دوسرا دور نہیں ہو پایا تھا۔
تاہم اب بھی دونوں ممالک کے درمیان امن مذاکرات اور جنگ کے خاتمے کے حوالے سے پاکستان کے توسط سے رابطے جاری ہیں۔
خیال رہے ایران جنگ 28 فروری کو امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے ساتھ شروع ہوئی تھی جو تقریباً چھ ہفتے بعد جنگ بندی تک پہنچی تھی۔ اس سے قبل ایران نے حملوں کے جواب میں اسرائیل پر حملے کیے جبکہ خلیجی ممالک میں امریکہ کے اڈوں کو بھی نشانہ بنایا۔
اسی طرح ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کو بھی بند کیا گیا جو عالمی سطح پر تیل کی تجارت کے لیے بہت اہمیت کی حامل ہے اسی لیے عالمی طور پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ مزید بڑھنے کے امکانات بھی ہیں کیونکہ ایران و امریکہ ابھی تک کسی حتمی معاہدے سے کافی دور دکھائی دے رہے ہیں اور صدر ٹرمپ نے دو روز قبل ہی ایرانی تجاویز کو مسترد کیا ہے۔

صدر ٹرمپ اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے (فائل فوٹو: اے ایف پی)

دوسری جانب امریکی صدر نے چین کے حوالے سے کہا ہے کہ دورے کے دوران صدر شی جن پنگ سے ایران کے ساتھ جاری جنگ پر طویل بات چیت کریں گے تاہم انہوں نے واضح کیا کہ اس معاملے پر انھیں چینی مدد کی ضرورت نہیں ہے۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق وائٹ ہاؤس سے بیجنگ روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ انہیں تنازع حل کرنے کے لیے چینی صدر شی جن پنگ کی مدد لینے کی ضرورت ہوگی۔
’میرا نہیں خیال کہ ایران کے معاملے پر ہمیں کسی مدد کی ضرورت ہے۔ ہم یہ جنگ ایک یا دوسرے طریقے سے جیت لیں گے، چاہے پرامن طریقے سے ہو یا کسی اور طرح۔‘

شیئر: