Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیل نے خلیج میں اپنا پہلا سفارت خانہ کھول لیا

اسرائیلی وزیر خارجہ نے کہا ہے تمام ہمسایوں کے ساتھ امن چاہتے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
اسرائیلی وزیر خارجہ یائر لاپڈ نے متحدہ عرب امارات کے دورے کے دوران خلیج میں اپنا پہلا سفارت خانہ کھول لیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سفارتی تعلقات معمول پر آنے کے نو ماہ بعد اسرائیل نے متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں سفارت خانہ کھولا۔
سرائیل کے وزیر خارجہ نے بدھ کو اپنے اماراتی ہم منصب شیخ عبداللہ بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔ سفارت خانہ کھولنے کے کچھ ہی دیر بعد انہوں نے مصافحے کی ایک تصویر بھی ٹوئٹر پر شیئر کی۔
امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن نے اسرائیلی سفارت خانے کے افتتاح کو ’تاریخی‘ قرار دیا۔
انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ’یائر لاپڈ کا دورہ اور ایک خلیجی ریاست میں سفارت خانے کا افتتاح ’اسرائیل، متحدہ عرب امارات اور وسیع تر خطے کے لیے اہم ہے۔‘
اسرائیلی وزرا نے اس سے پہلے بھی متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا تھا تاہم نئے وزیر خارجہ یائر لاپڈ یہ سفر کرنے والے سب سے سینیئر اسرائیلی وزیر بن گئے ہیں اور وہ پہلے عہدیدار ہیں جو سرکاری دورے پر ہیں۔
افتتاحی تقریب کے موقعے پر اسرائیلی وزیر خارجہ لائر لاپڈ نے کہا کہ ’اسرائیل اپنے ہمسایوں کے ساتھ امن چاہتا ہے۔ تمام ہمسایوں کے ساتھ۔ ہم کہیں نہیں جا رہے۔ مشرق وسطیٰ ہمارا گھر ہے۔ ہم یہیں رہیں گے۔ ہم خطے کے تمام ممالک سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس کو تسلیم کرے اور آئیں ہمارے ساتھ بات چیت کریں۔‘

اسرائیلی وزیر خارجہ اور اماراتی وزیر خارجہ کے درمیان ملاقات بھی ہوئی۔ (فوٹو: اسرائیلی وزیر خارجہ ٹوئٹر)

اسرائیلی وزارت خارجہ کے ترجمان لیار ہیئت کے مطابق لائر لاپڈ 30 گھنٹوں سے بھی کم وقت میں پانچ (اماراتی) وزرا سے ملاقات کریں گے۔
اسرائیل کے اعلیٰ سفارتکار یائر لاپڈ نے منگل کو متحدہ عرب امارات کے دورے کا آغاز کیا۔ یہ کسی بھی اسرائیلی وزیر کا یو اے ای کا پہلا سرکاری دورہ ہے۔
متحدہ عرب امارات اور اسرائیل نے گذشتہ سال ستمبر میں معمول کے تعلقات قائم کر لیے تھے۔

امریکی وزیر خارجہ انتونی بلنکن نے اسرائیلی سفارت خانے کے افتتاح کو ’تاریخی‘ قرار دیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

گذشتہ برس متحدہ عرب امارات کے ساتھ اسرائیل کے معمول کے تعلقات قائم کرنے کا معاہدہ امریکہ کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے کرایا تھا۔
لاپڈ اپنے دورے کے دوران دبئی میں اسرائیل کے قونصلیٹ جنرل کا بھی افتتاح کریں گے۔

شیئر: