Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی فضائی دفاع نے حوثی ڈرون حملہ ناکام بنا دیا

حملے کا مقصد علاقے میں امن قائم کرنے کی سفارتی کوششوں کو ناکام بنانا ہے (فوٹو: عرب نیوز)
سعودی فضائی دفاع نے بدھ کو مملکت کے جنوبی علاقے میں حوثی باغیوں کی جانب سے کیے گئے ایک اور مسلح ڈرون حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق عرب اتحاد کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ ’ایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا عام شہریوں اور شہری املاک کو نشانہ بنانے کی ناکام کوشش کرتی رہتی ہے۔‘

گذشتہ دنوں آٹھ  ڈرونز کو فضا ہی میں روک کر تباہ کردیا گیا تھا (فوٹو: عرب نیوز)

بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ ’عام شہریوں کو کسی بھی خطرے سے بچانے کے لیےعرب اتحاد کی جانب سے تمام عملی اقدامات کیے جائیں گے۔‘
واضح رہے کہ گذشتہ دنوں سعودی عرب کے دفاعی نظام نے مملکت کی جانب داغے جانے والے تین بیلسٹک میزائل اور آٹھ  ڈرونز کو فضا ہی میں روک کر تباہ کردیا تھا۔
یہ حملہ ایسے وقت کیا گیا ہے جب اقوام متحدہ کی جانب سے حوثی باغیوں کو تشدد ترک کرنے کی کالز کے باوجود یمن کے سٹریٹیجک اہمیت کے حامل شہر مارب کے لیے لڑائی جاری ہے۔
علاوہ ازیں حوثی باغیوں کی جانب سے مارب شہر میں پٹرول پمپ پر کیے گئے میزائل حملے میں پانچ سالہ بچی سمیت21 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

مارب شہر میں پٹرول پمپ پر کیے گئے حملے میں21 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

یمن کے وزیراعظم معین عبدالمالک نے حوثیوں کے اس میزائل حملے کو انتہا پسندی جیسا جرم قرار دیتے ہوئے بیان میں کہا تھا کہ حملے کا مقصد علاقے میں امن قائم کرنے کی سفارتی کوششوں کو ناکام بنانا ہے۔
قبل ازیں عرب پارلیمنٹ کی جانب سے کہا گیا کہ سٹاک ہوم معاہدے کے ذریعے عائد امن کوششوں کی مسلسل خلاف ورزیوں کے لیے حوثی ملیشیا کو جواب دینا ہوگا۔
عرب پارلیمنٹ نےعالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ مداخلت کرکے شدت پسندی کے جرائم روکنے کے لیے فوری طور پر فیصلہ کن اقدامات کیے جائیں۔
 

شیئر: