Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی اداکارہ ایمن سلیم کا اداکاری چھوڑنے کا اعلان

ایمن سلیم نے ڈرامہ سیریل چپکے چپکے میں عائزہ خان کے ساتھ کام کیا ہے (فوٹو: انسٹاگرام ایمن سلیم)
پاکستانی اداکارہ ایمن سلیم نے اعلان کیا ہے کہ وہ اداکاری کو خیرباد کہہ رہی ہیں۔
اداکارہ کی جانب سے ’ایکٹنگ چھوڑنے کا اعلان‘ سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام کے اکاؤنٹ پر پیر کے روز کیا گیا۔
انسٹاگرام سٹوری کے ذریعے کیے گئے اعلان میں ایمن سلیم کا کہنا تھا کہ ’میں اب اداکاری نہیں کروں گی۔ مجھے انڈسٹری سے بہت سا پیار اور احترام ملا، میں اس سے رابطے میں رہوں گی۔‘

اپنی پوسٹ میں انہوں نے ’اداکاری چھوڑنے کے بعد‘ کے موضوع پر بھی بات کی تو لکھا ’آئندہ جو کیا اس کے متعلق آپ کو آگاہ کروں گی۔‘
کراچی میں پیدا ہونے والی 25 سالہ پاکستانی اداکارہ ایمن سلیم نے ڈرامہ سیریل چپکے چپکے سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔
پاکستان میں ڈرامہ انڈسٹری کا حصہ بننے سے قبل بیرون ملک قسمت آزمائی کرنے والی ایمن سلیم نے اپنی گریجویشن بھی امریکہ کی یونیورسٹی آف پنسلوینیا سے کر رکھی ہے۔ پاکستان میں اے لیول کے دوران انہوں نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈز کا ایک اعزاز بھی اپنے نام کر رکھا ہے۔

ایمن سلیم نے ڈرامہ ’چپکے چپکے‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا (فوٹو: ویڈیو گریب)

سابق کرکٹر سلیم یوسف کی صاحبزادی ایمن سلیم فٹبال سے متعلق ایک سپورٹس شو کی میزبان بھی رہی ہیں۔
پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں ایمن سلیم کو انڈین کرکٹر وراٹ کوہلی کی اداکار اہلیہ انوشکا شرما کی ہم شکل بھی کہا جاتا ہے۔
 

شیئر: