Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’دکھاوا ترک کرتے ہوئے‘، اداکارہ ورینہ حسین نے بھی سوشل میڈیا کو خیرباد کہہ دیا

ورینہ حسین نے 2018 میں فلم ‘لویاتری‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا (فوٹو: ورینہ حسین انسٹاگرام)
بالی وڈ اداکارہ ورینہ حسین نے سوشل میڈیا چھوڑ دیا ہے، یا عامر خان کے الفاظ میں ’دکھاوا چھوڑ دیا ہے۔‘
این ڈی ٹی وی کے مطابق اداکارہ، جو 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم لویاتری میں اداکاری کی وجہ سے پہچانی جاتی ہیں، نے سنیچر کو انسٹاگرام پر سوشل میڈیا کو خیرباد کہنے کا اعلان کیا اور اپنے ذاتی اکاؤنٹ پر عامر خان کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے آخری بیان کا بھی حوالہ دیا۔

 

بالی وڈ سٹار عامر خان نے گذشتہ ماہ ایک نوٹ کے ساتھ سوشل میڈیا چھوڑ دیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ ’یہ دیکھتے ہوئے کہ میں بہرحال بہت سرگرم ہوں، میں نے دکھاوا چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔‘
وہ لوگ جو انسٹاگرام پر ورینہ حسین کو فالو کر رہے ہیں وہ جانتے ہیں کہ وہ سوشل میڈیا پر زیادہ متحرک نہیں تھیں۔
اپنی آخری پوسٹ میں اداکارہ نے لکھا کہ ’میں نے کہیں پڑھا تھا کہ آپ کو اپنی روانگی کا اعلان کرنے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ یہ ایئرپورٹ نہیں ہے، لیکن میں اپنے دوستوں اور مداحوں کے لیے ایسا کروں گی جن کی محبت ہمیشہ میری طاقت رہی ہے۔‘
’یہ میری آخری سوشل میڈیا پوسٹ ہے لیکن میری ٹیم میرا اکاؤنٹ چلاتی رہے گی تاکہ آپ میرے کام سے باخبر رہیں۔ بہت زیادہ پیار- ایلین۔‘
بالی وڈ اداکارہ نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’عامر سر کی زبان میں، دکھاوا ترک کرتے ہوئے۔‘
ورینہ حسین کے انسٹاگرام پر 19 لاکھ فالوورز ہیں۔ 
یاد رہے کہ ورینہ حسین نے 2018 میں سلمان خان کی پروڈکشن کے تحت فلم ‘لویاتری‘ سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ ان کے مدمقابل ہیرو کا کردار سلمان خان کے بہنوئی آیوش شرما نے ادا کیا تھا جبکہ نیرن بھٹ فلم کے ڈائریکٹر تھے۔

شیئر: