Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب کپ انڈر 20: سعودی عرب فائنل میں الجزائر سے مقابلے کے لیے تیار

فائنل منگل کو قاہرہ انٹرنیشنل سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔(فوٹو ٹوئٹر)
سعودی عرب کی فٹبال ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ نے الجزائر کو عرب کپ انڈر 20 ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچنے پر مبارکباد دی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق ماجد التفیل نے کہا کہ شمالی افریقہ کے نوجوان کھلاڑی تکنیکی اور جسمانی طور پر مضبوط ہیں اور وہ منگل کے شو ڈاون میں سعودی عرب کا سخت مقابلہ کریں گے۔
عرب کپ انڈر 20 کا فائنل سعودی عرب اور  الجزائر کے درمیان قاہرہ انٹرنیشنل سٹیڈیم میں منگل کو کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے عرب کپ انڈر 20 کے سیمی فائنل میں میزبان ملک مصر جبکہ  الجزائر نے تیونس کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔
سعودی عرب کی فٹبال ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ ماجد التفیل نے کہا کہ ’ دونوں ٹیموں کو فائنل میں پہنچنے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، بلاشبہ دونوں ٹیمیں حالیہ راؤنڈز میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے بعد فائنل کھیلنے کی مستحق ہیں۔ الجزائر کی قومی ٹیم تکنیکی اور جسمانی طور پر ہر سطح پر بہترین خصوصیات کی حامل ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’ہماری ٹیم بھی مضبوط اور فائنل میں پہنچنے کی مستحق ہے۔  پورے ٹورنامنٹ میں مضبوط میچ کھیلے ہیں اور اچھے اور مثبت نتائج حاصل کیے ہیں اور آخر میں امید کرتے ہیں کہ چیمپئن بن کر پوڈیم پر ہوں گے۔‘
 الجزائر کے کوچ محمد لاسات زبردست مسابقتی میچ کی توقع کر رہے تھے۔ انہوں نے سیمی فائنل میں مصر کو شکست دینے پر سعودی ٹیم کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ ’اس ٹورنامنٹ میں حصہ لینے سے ہر ایک کو فائدہ ہوا ہے۔ تمام ٹیموں نے بہت تجربہ حاصل کیا ہے۔ ہمارا مقصد کپ جیتنا ہے اور آخر میں فاتح ٹیم کو مبارکباد  پیش کریں گے۔‘

شیئر: