Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پہاڑ کی چوٹی پر بنے مکان کی چھت فٹبال گراؤنڈ میں تبدیل

اس پروجیکٹ پر 8 لاکھ ریال سے زیادہ لاگت آ چکی ہے- (فوٹو: الاخباریہ)
سعودی عرب کے علاقےجازان کے ایک شہری نے فیفا پہاڑ کی چوٹی پر واقع اپنے مکان کی چھت کو فٹبال گراؤنڈ میں تبدیل کر دیا جس کی  ویڈیو وائرل ہے۔
الاخباریہ چینل کے مطابق جازان کا شہری پہاڑی بستیوں میں آباد نوجوانوں کے درمیان فٹبال میچ  کا انعقاد کراتا ہے۔ مکان اتنی اونچائی پر واقع ہے کہ گھر کی چھت بادلوں سے بغلگیر نظر آتی ہے۔ 

یحییٰ گھر کی چھت پر فٹبال مقابلے منعقد کرا رہا ہے- (فوٹو: الاخباریہ)

مقامی شہری نے بتایا کہ اسے فٹبال بے حد پسند ہے اور جنون کی حد تک اس کھیل سے تعلق ہے۔ اب وہ اپنے گھر کی چھت پر فٹبال مقابلے منعقد کرا رہا ہے۔ چھت پر تمام ضروری سہولتیں مہیا کی ہیں۔ 
 یحییٰ حسن المثیبنی کا کہنا ہے کہ العبسیۃ محل؁  کے نوجوانوں اور بزرگوں کے سامنے جب یہ بات رکھی کہ سطح سمندر سے دو ہزار میٹر کی بلندی پر دلفریب مناظر کے ساتھ فٹبال کا مقابلہ کیسا رہے گا۔ اس تجویز کو سب نے پسند کیا۔ اس کی بدولت محلے کے سارے لوگ ایک دوسرے سے ملنے لگے اور فٹبال بھی کھیلنے لگے۔

مغرب کے وقت محلے کے بزرگوں کا اجتماع ہوتا ہے- (فوٹو: الاخباریہ)

مقامی شہری کا کہنا تھا کہ اس نے نہ صرف یہ کہ فٹبال فیلڈ قائم کی ہے ساتھ ہی ٹیبل ٹینس اور والی بال کا بھی انتظام کیا ہے جبکہ مغرب کے وقت محلے کے بزرگوں کا اجتماع ہوتا ہے جسے سب لوگ پسند کر رہے ہیں۔
المثیبنی کا کہنا ہے کہ ہمارے علاقے کی جغرافیائی تشکیل خالص پہاڑی ہے اسی لیے فٹبال گراؤنڈ قائم کرنے کے لیے ہموار جگہ خریدی۔ اس کے لیے 20 میٹر اونچا پل بنایا۔ اس پراجیکٹ پر 8 لاکھ  ریال سے زیادہ لاگت آ چکی ہے۔ اب بھی بنیادی ڈھانچے کی تکمیل سمیت کئی کام جاری ہیں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: