Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غیر قانونی سرگرمیوں کا شبہ، وزارت تجارت کے تفتیشی دورے

 48 شہروں کے 139 تجارتی اداروں کے تفتیشی دورے کیے گئے۔( فوٹو ٹوئٹر)
سعودی وزارت تجارت نے عید الاضحی سے قبل کئی سرکاری اداروں کے تعاون سے 48 شہروں میں 139 سے زیادہ مقامات کے تفتیشی دورے کیے ہیں۔ 
العربیہ نیٹ کے مطابق وزارت تجارت کے ترجمان عبدالرحمن الحسین نے کہا کہ  وزارت تجارت کی خفیہ ٹیموں نے مختلف شہروں میں تجارتی مراکز کا خفیہ فیلڈ سروے کیے ہیں۔
یہ پتہ لگانے کی کوشش کی گئی تھی کہ ان تجارتی اداروں میں قانون کی خلاف ورزیوں سے متعلق جو شکوک و شبہات پائے جاتے ہیں وہ کس حد تک درست ہیں-
اس بات کا بڑا شبہ تھا کہ 139 سے زیادہ اداروں کی سرگرمیاں غیرقانونی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ریاض، مکہ مکرمہ، مشرقی ریجن اور القصیم چارصوبوں کے 48 شہروں کے 139 تجارتی اداروں کے تفتیشی دورے کیے گئے۔
وزارت تجارت کے ترجمان نے کہا کہ فرنیچر، خوشبویات، گاڑیوں کے ورکشاپ، فاضل پرزوں، ملبوسات اور جوتوں کی دکانوں پر خصوصی  کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
تفتیشی مہم میں وزارت داخلہ، وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود، وزارت بلدیات و دیہی و آباد کاری امور اور محکمہ زکوۃ و ٹیکس و کسٹم کے نمائندے شامل رہے۔
یاد رہے کہ سعودی قانون تجارت کے بموجب جعلسازی کی سزا دس لاکھ ریال تک کا جرمانہ یا تین برس تک قید کی سزا مقرر ہے۔ بیک وقت دونوں سزائیں بھی دی جاسکتی ہیں۔
جعلی اشیا برآمد ہونے پر ضبط کرکے تلف کرادی جاتی ہیں جبکہ جعلسازی میں استعمال ہونےوالے آلات بھی ضبط کرلیے جاتے ہیں۔   

شیئر: