Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مادھوری کی وجہ سے فلم ’دل تو پاگل ہے‘ کرنے سے تقریباً انکار کر دیا تھا: کرشمہ کپور

کرشمہ کے مطابق والدہ نے انہیں فلم ’دل تو پاگل ہے‘ میں کام کرنے پر آمادہ کیا (فوٹو: پنک ولا)
بالی وڈ اداکارہ کرشمہ کپور نے کہا ہے کہ وہ اپنے کیریئر کی بہترین فلم ’دل تو پاگل ہے‘ کے لیے تقریباً انکار کر چکی تھیں جب انہیں معلوم ہوا کہ اس میں مادھوری ڈکشٹ بھی ہیں اور ان کے ساتھ انہیں ڈانس بھی کرنا پڑے گا تاہم ان کی والدہ نے انہیں فلم کرنے کے لیے تیار کیا۔
انڈین ایکسپریس کے مطابق انڈین آئیڈل 12 کی شوٹنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کرشمہ کپور نے بتایا کہ انہیں لگتا تھا کہ وہ مادھوری ڈکشٹ کے ساتھ ڈانس نہیں کر پائیں گی۔
بقول ان کے بہت سی اداکاراؤں نے یہ کہہ کر فلم کرنے سے انکار کر دیا تھا کہ ’مادھوری ڈکشٹ کے مقابلے میں کون ڈانس کر پائے گا۔‘
کرشمہ کپور کے مطابق ’مجھے اتنا معلوم تھا کہ یہ ایک ڈانس فلم ہے اور چونکہ اس میں مادھوری بھی تھیں اس لیے گھبرا رہی تھی اور تقریباً انکار کر چکی تھی۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ جب یش چوپڑا اور ادتیا چوپڑا کو علم ہوا تو وہ ہمارے گھر آئے۔
ان کے مطابق ’انہوں نے مجھے فلم کی کہانی سنائی اور میری والدہ نے کہا اس فلم کو تو چیلنج کے طور پر لینا چاہیے۔‘
بقول ان کے ان کی والدہ انہیں یہ بھی کہا ’چونکہ میں مادھوری کی فین ہوں اس لیے یہ فلم لازمی کرنی چاہیے۔‘
 اداکارہ نے اس کو سپیشل فلم قرار دیتے ہوئے کہا ’مجھ سے اچھا کام لینے میں شاہ رخ خان اور مادھوری جی نے بھی بہت مدد کی۔‘
کرشمہ نے گفتگو میں اداکار سنیل شیٹی کا ذکر بھی کیا اور کہا وہ بہت شرارتی اداکار ہیں۔ انہوں نے ان کے ساتھ کام کے دوران ایک واقعے کا خصوصی طور پر تذکرہ کیا۔

کرشمہ کپور کا کہنا تھا کہ سنیل شیٹی بہت بڑے پرینکسٹر ہیں (فوٹو: شوبز تماشا)

’ہم چنائی فلم کی شوٹنگ کر رہے تھے جہاں میں نے کچھ فاصلے پر ایک دھوتی والے شخص کو بیٹھے دیکھا، کافی لوگ ان کے گرد جمع تھے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ جس پر انہیں لگا کہ وہ جنوب کے کوئی سینیئر اداکار ہیں جنہیں شاید میں نہیں جانتی۔
سنیل نے انہی کے بارے میں پوچھا ’آپ کی ان سے ملاقات ہوئی؟‘
پھر ہم نے ان کے ساتھ تصویریں بنائیں اور تقریباً 20 منٹ تک باتیں کرتے رہے
، شاٹ سے قبل وہی میرے پاس آئے اور چہرے پر پفنگ کرنے لگے جس پر حیران ہو کر سنیل سے پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ وہ مذاق تھا۔

اداکارہ نے انڈین آئیڈل 12 کے پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی (فوٹو: سٹار بز)

وہ کوئی سینیئر اداکار نہیں بلکہ میک اپ آرٹسٹ تھے، جس پر سب خوب ہنسے۔ کرشمہ نے یہ بھی بتایا کہ ایک فلم کے سیٹ پر دو افراد نے یکدم لڑنا شروع کر دیا اور چھریاں لے کر ایک دوسرے پر حملہ آور ہوئی۔
ان کے مطابق ’میں گھبرا گئی اور چلائی لڑائی بند کراؤ، پولیس کو بلاؤ، میری آنکھوں میں آنسو آ گئے کہ جانے کیا ہو جائے۔‘
اسی وقت مجھے سنیل شیٹی کے ہنسنے کی آواز آئی اور میں سمجھ گئی کہ یہ بھی پرینک تھا۔
کرشمہ نے کہا سنیل شیٹی بہت بڑے پرینکسٹر ہیں۔

شیئر: