Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عازمین حج کے قافلے آج سے مکہ پہنچیں گے، خیر مقدم کے لیے تیاریاں مکمل

چار مقامات پر عازمین کے 10 گروپوں کا استقبال ہوگا۔ (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں حج و عمرہ سپیشل فورس کے کمانڈر میجر جنرل محمد البسامی نے کہا ہے کہ عازمین حج کے خیر مقدم کے لیے تیاریاں مکمل ہیں۔
میجر جنرل محمد البسامی نے بتایا کہ سنیچر کی صبح فجر کے بعد چھ بجے سے عازمین حج  کا استقبال شروع کیا جائے گا جو دو روز تک جاری رہے گا۔
انہو ں نے کہا کہ ’چار مقامات پر عازمین کے 10 گروپوں کا استقبال ہوگا۔ ہر گروپ میں تقریبا تین ہزارعازمین ہوں گے۔‘
حج و عمرہ سپیشل فورس کے کمانڈر کا کہنا تھا کہ ’اس وقت تمام ضروری امور انجام دیے جارہے ہیں اور استقبال کے تقاضے پورے کیے جارہے ہیں۔‘
انہوں نے کہا کہ ’یہ بات ریکارڈ پر آئی ہے کہ بعض عازمین براہ راست مسجد الحرام  مکہ مکرمہ جانا چاہتے ہیں۔ یہ حج آپریشن کے مقررہ انتظام کے خلاف ہے۔ کوئی بھی عازم حج براہ راست مسجد الحرام جانے کی کوشش نہ کرے۔‘
میجر جنرل محمد البسامی نے کہا کہ ’مسجد الحرام مکہ مکرمہ حاضری کے حوالے سےعازمین کے قافلوں کا شیڈول تیار کیا جارہا ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ’ مطاف کے صحن، حرم مکی کی زمینی اور پہلی منزل کی گنجائش محدود ہے۔ یہ اور اس جیسے تمام مسائل حل کرنے کے لیے ہمارے پاس واحد اختیارعازمین کی قافلہ بندی اور سارے حج عمل کو منظم کرنے کے سوا اور کچھ  نہیں۔‘

عازمین کو حج کے طریقہ کار سے متعلق 30 لاکھ ایس ایم ایس بھیجے جائیں گے۔ (فوٹو: ایس پی اے)

علاوۃ ازیں وزارت اسلامی امور و دعوت و رہنمائی نے اس سال عازمین کو حج کے طریقہ کار سے آگاہ کرنے کے لیے 30 لاکھ ایس ایم ایس بھیجنے کی تیاریاں کی ہیں۔
مجموعی طورپر  33 لاکھ  20 ہزار 706 ایس ایم ایس بھیجے جائیں گے جو حج احکام پر مشتمل ہوں گے۔ 
سبق ویب سائٹ کے مطابق وزارت اسلامی امور ’حج امن و سلامتی کے ساتھ‘ کے عنوان سے آگہی مہم چلا رہی ہے۔

شیئر: