Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کورونا: دوسری عالمی جنگ کے بعد امریکیوں کی اوسط عمر میں سب سے بڑی کمی

رپورٹ کے مطابق ’کورونا کی وجہ سے ہلاکتیں ہی اوسط عمر میں اس قابل ذکر کمی کی بنیادی وجہ ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ میں 2020 کے دوران کورونا وبا کی وجہ سے متوقع اوسط عمر میں ڈیڑھ سال کی کمی ہوئی ہے۔
نئے اعداد و شمار کے مطابق کورونا کی وبا سے مرد، سیاہ فارم اور دیگر نسلی کمیونٹیوں کے لوگ زیادہ متاثر ہوئے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یو ایس سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول اینڈ پریونشن کے مطابق 2020 میں پیدائش کے وقت متوقع اوسط عمر 77.3 سال رہی جب کہ یہ 2019 میں 78.8 سال تھی۔  
خیال رہے متوقع اوسط عمر میں نمایاں کمی نے دوسری جنگ عظیم کے بعد امریکہ میں اوسط عمر میں مستقل اضافے کے ٹرینڈ کو بھی متاثر کیا ہے۔
گوکہ مذکورہ دورانیے کے دوران بعض سالوں میں اوسط عمر میں تھوڑی بہت کمی ہوئی۔  یہ دوسری جنگ عظیم کے بعد اوسط عمر میں سب سے بڑی کمی ہے۔
مردوں میں متوقع اوسط عمر 74.5 رہی جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گذشتہ سال کے مقابلے میں 1.8 سال کی کمی ہوئی۔ جب کہ خواتین میں اوسط عمر 80.2 رہی اور کمی 1.7 سال ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ’کورونا کی وجہ سے ہلاکتیں ہی اوسط عمر میں اس قابل ذکر کمی کی بنیادی وجہ ہے۔
غیرارادی زخموں سے ہلاکتوں، قتل، ذیابیطس اور جگر کی بیماریوں سے ہلاکتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ تاہم اس اضافے کا اثر جزوی طور پر کینسر، سانس کی بیماریوں اور خود کشی سے ہلاکتوں میں کمی نے پورا کر دیا۔

جب کہ ہسپانوی نسل کے مردوں میں سب سے زیادہ اوسط عمر میں کمی ریکارڈ کی گئی (فوٹو: اے ایف پی)

مردوں میں انفلوائنزا، نمونیا اور الزائمر سے ہلاکتوں میں کمی ہوئی جب کہ دل کے امراض، اور سٹروک سے ہلاکتوں میں اضافہ ہوا۔
نسلی گروہوں میں ہسپانوی نسل کے لوگوں میں متوقع اوسط عمر میں تین سال کی کمی ریکارڈ کی گئی جو کہ 81.8 سے 78.8 سال پر آگئی ہے جب کہ سیاہ فام افراد میں اوسط عمر میں 2.9 سال کی کمی ہوئی۔
سفید فام افراد میں اوسط عمر میں سب سے کم کمی ہوئی جو کہ 78.8 سے کم ہو کر 77.6 ہوگئی۔
جب کہ ہسپانوی نسل کے مردوں میں سب سے زیادہ اوسط عمر میں کمی ریکارڈ کی گئی جو کہ 3.7 سال کی کمی ہوئی۔
مذکورہ رپورٹ امریکہ میں زیادہ نشے سے ہلاکتوں میں ریکارڈ اضافے کی عبوری رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے کچھ دنوں بعد سامنے آئی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق زیادہ نشہ کرنے سے 2020 میں 93 ہزار ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں۔

شیئر: