Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بنگلہ دیش میں روہنگیا پناہ گزینوں کے لیے امدادی منصوبہ مکمل

منصوبے سے پانچ لاکھ افراد کو فائدہ پہنچا ہے ( فوٹو ایس پی اے)
کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اور ریلیف سینٹر نے مسلم ورلڈ لیگ کے تعاون سے بنگلہ دیش میں روہنگیا پناہ گزینوں اور ان کی میزبانی کرنے والی کمیونیٹیز کے لیے 80 ہزار فوڈ پیکٹ تقسیم کرنے کا منصوبہ مکمل کیا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ منصوبہ دو ماہ تک جاری رہا جس میں کاکس بازار، ڈھاکا،جیسور، راجشاہی، چاٹگام اور پنچی سور جزیرے کے علاقوں میں پانچ لاکھ افراد کو فائدہ پہنچا۔
کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اور ریلیف سینٹر اور مسلم ورلڈ لیگ کی مشترکہ ٹیمیں پناہ گزین کیمپوں اور بنگلہ دیش کے مختلف علاقوں میں 80 سے زائد تقسیم کے مقامات پر پہنچی ہیں۔
فیلڈ ٹیموں نے بنگلہ دیش کے انتہائی ضرورت مند گھرانوں تک پہنچنے کے لیے ہزاروں کلو میٹر کا سفر طے کیا۔
کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اور ریلیف سینٹر اور مسلم ورلڈ لیگ کی مشترکہ ٹیموں نے یہ اقدام پناہ گزینوں کی تکالیف کو دور کرنے اور انسانی بحرانوں کے حل کے لیے اقوام متحدہ کے تیز رفتار رد عمل کی سپورٹ میں مدد فراہم کرنے کے لیے عالمی سطح پر کی جانے والی کاوشوں کے جواب میں اٹھایا۔
کنگ سلمان ہیومینیٹیرین ایڈ اور ریلیف سینٹر کو کوالٹی اور اچیومنٹ کے معیار پر عمل پیرا ہونے پر حکام کی جانب سے بہت سارے سرٹیفکیٹ ملے ہیں جن میں سب سے اہم سماجی دوری اور کورونا ایس او پیز پر عمل پیرا ہونا ہے۔
واضح رہے کنگ سلمان ہیومینیٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر مئی 2015 میں قائم کیا گیا تھا۔ مرکز نے اب تک دنیا کے 68 ممالک میں مختلف قسم کے 1616 امدادی منصوبے شروع کیے ہیں۔یہ منصوبے 144 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے شروع کیے گئے ہیں۔  ان منصوبوں پر 5.3 بلین ڈالر کی رقم خرچ کی گئی ہے۔
کنگ سلمان ہیو مینیٹیرین ایڈ اینڈ ریلیف سینٹر کی حالیہ رپورٹ کے مطابق جن ممالک نے اس مرکز کے منصوبوں سے سب سے زیادہ فائدہ اٹھایا ان میں یمن شامل ہے جہاں3.53 ارب ڈالرکے منصوبے شروع کیے گئے۔
اس کے علاوہ فلسطین میں 363 ملین ڈالر، شام میں 305 ملین ڈالر اور صومالیہ میں 203 ملین ڈالر کے منصوبے شامل ہیں۔

شیئر: