انشورنس کمپنی المتحدہ کے خلاف تادیبی کارروائی
’معطلی کا یہ فیصلہ کمپنی کو موجودہ بیمہ پالیسیوں کے تحت ذمہ داریوں سے بری نہیں کرتا‘ ( فوٹو: سبق)
سعودی انشورنس اتھارٹی نے کہا ہے کہ انشورنس کمپنی المتحدہ ’یونائیٹڈ کوآپریٹو انشورنس‘ کو انشورنس پالیسیوں کے اجرا یا تجدید سے روک دیا گیا ہے۔
اس میں صحت بیمہ، گاڑیوں کا بیمہ، اور گھریلو ملازمین کے معاہدوں کا بیمہ شامل ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق اتھارٹی نے کہا ہے کہ ’یہ فیصلہ 27 اکتوبر 2025ء سے نافذ العمل ہے‘۔
اتھارٹی نے وضاحت کی ہے کہ یہ تادینی کارروائی نگرانی اور ریگولیٹری ہدایات کی متعدد خلاف ورزیوں کے بعد کیا گیا ہے۔
اور یہ فیصلہ تعاونی انشورنس کمپنیوں کی نگرانی کے نظام کے تحت لیا گیا ہے جو شاہی فرمان اور اس کی ترمیمات کے مطابق ہے۔
اتھارٹی نے زور دیا کہ معطلی کا یہ فیصلہ کمپنی کو اپنی موجودہ بیمہ پالیسیوں کے تحت ذمہ داریوں سے بری نہیں کرتا۔
کمپنی کو ان پالیسیوں سے متعلق کلیمز (دعویٰ جات) نمٹانے اور پالیسی ہولڈرز کے مفادات کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے ہوں گے۔
اتھارٹی نے مزید کہا کہ یہ اقدام سعودی عرب میں انشورنس سیکٹر کے استحکام، تنظیم اور نگرانی کو مضبوط بنانے اور تمام متعلقہ فریقوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے۔