Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات میرے لیے باعثِ فخر تھی: شہباز شریف

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے ملاقات کی جس میں مختلف امور پر تبادلہ خیال ہوا۔
منگل کو وزیراعظم شہباز شریف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں لکھا کہ ’میرے بھائی عزت مآب ولی عہد محمد بن سلمان سے ریاض میں ملاقات کرنا میرے لیے باعثِ فخر اور خوشی کی بات تھی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہم نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات کی مضبوطی کا اعادہ کیا اور تجارت، سرمایہ کاری، اور اقتصادی تعاون کے شعبوں میں اس تاریخی اور آزمودہ شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا۔‘
شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ’میں عزت مآب ولی عہد کی ذاتی وابستگی اور ہمارے مشترکہ وژن کو آگے بڑھانے کے لیے ان کی پُرعزم حمایت پر دل سے شکر گزار ہوں، تاکہ دونوں ممالک اور عوام کے لیے مزید تعاون اور خوشحالی ممکن بنائی جا سکے۔‘
وزیرِاعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد کی خصوصی دعوت پر فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹیو کی نویں کانفرنس میں شرکت کے لیے پیر کی شام ریاض پہنچے تھے۔
ملاقات میں وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان، وزیر مملکت، کابینہ کے رکن اور قومی سلامتی کے مشیر ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار اور  فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شریک تھے۔
وزیرِاعظم فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹیو میں شرکت کے لیے آئے عالمی رہنماؤں اور بین الاقوامی اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم کا دورہ اقتصادی سفارت کاری کو آگے بڑھانے اور سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور پائیدار ترقی میں سٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینے کے لیے پاکستان کے عزم کو ظاہر کرتا ہے۔
یاد رہے ریاض میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹیو (ایف آئی آئی 9) کانفرنس کا آغاز پیر27 اکتوبر سے ہوا ہے جو 30 اکتوبر 2025 تک ریاض کے کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں جاری رہے گی۔

شیئر: