Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریڈ لسٹ والے ممالک کے سفر پر سعودی شہریوں کو تین سال پابندی کی وارننگ

کورونا کے باعث ممالک کے سفر کرنے پر پابندی لگائی جاچکی ہے( فوٹو ایس پی اے)
سعودی وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ’سفری پابندی والے ممالک میں سے کسی کا بھی سفر کرنے والے کو تین برس تک باہر جانے سے روک دیا جائے گا‘۔
بیان کے مطابق ’کوئی بھی سعودی  پابندی والے ممالک میں سے کسی ایک کا سفر براہ راست کرے اور نہ بالواسطہ طریقے سے اس کی کوشش کرے‘۔ 
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ کے عہدیدار نے بیان میں کہا کہ ’کووڈ 19 وبا کے پیش نظر کئی ملکوں کے سفر سے منع کیا جاچکا ہے‘۔
’ وائرس کی نئی شکلوں کے پھیلنے کے امکانات کے باعث بھی متعدد ممالک کے سفر کرنے پر پابندی لگائی جاچکی ہے‘۔
وزارت داخلہ نے انتباہ کیا کہ ’ایسے کسی ملک کا سفر نہ کیا جائے جہاں جانے سے منع کیا گیا ہے۔ ممنوعہ ممالک میں سے کسی کا بھی سفر مقررہ ہدایات کی خلاف ورزی شمار کیا جائے گا‘۔ 
وزارت داخلہ کے عہدیدار نے کہا کہ’ رپورٹوں سے پتہ چلا ہے کہ بعض سعودی شہری ممنوعہ ممالک کا سفر کررہے ہیں۔ یہ سرکاری اداروں کی جانب سے جاری کردہ پابندی کی کھلی خلاف ورزی ہے‘۔
’یہ ایک طرح سے حیلے بازی بھی ہے جو افراد اس میں ملوث پائے جائیں گے وطن واپسی پر ان کی قانونی بازپرس ہوگی۔ انہیں سخت سزائیں دی جائیں گی اور تین برس تک بیرون مملکت سفر سے روک دیا جائے گا‘۔ 
وزارت داخلہ نے تمام سعودی شہریوں کو ہدایت کی کہ ’پابندی والے ممالک کا براہ راست یا کسی اور ملک کے راستے سفر پر پابندی برقرار ہے۔ ایسے بھی کسی ملک کے سفر کی اجازت نہیں جہاں وائرس کی نئی شکلیں سر ابھار رہی ہیں‘۔ 
وزارت داخلہ نے سعودی شہریوں سے کہا کہ’ وہ ایسے کسی بھی علاقے میں نہ جائیں جہاں وائرس پھیلا ہوا ہو یا جہاں صحت صورتحال مستحکم نہ ہو اور وہ جہاں بھی جائیں کورونا ایس او پیز کی سختی سے پابندی کریں‘۔

شیئر: