Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی نژاد ’تھائی پٹھان‘ اداکار کیشا پلینویتھی انتقال کر گئے

کیشا پلینویتھی کو 2010 میں انہیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ (فوٹو: خاندانی ذرائع)
تھائی لینڈ کے مشہور پاکستانی نژاد فلم سٹار کیشا پلینویتھی (پاکستانی نام قیصر خان) 95 سال کی عمر میں کورونا کے باعث بینکاک میں انتقال کر گئے ہیں۔ انہیں تھائی لینڈ کا مشہور ترین ولن سمجھا جاتا تھا جنہوں نے 70 اور 80 کی دہائی کی مشہور اور سپر ہٹ فلموں میں کام کیا تھا۔
تھائی لینڈ میں پاکستانی سفارت خانے کے فرسٹ سیکریٹری صداقت الرحمن نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’تھائی لینڈ میں کیشا پلینویتھی کی موت ایک بڑی خبر کے طور پر میڈیا میں چلائی جا رہی ہے کیونکہ تھائی فلم انڈسٹری میں ان کا بڑا نام تھا۔‘
انہوں نے بتایا کہ کیشا پلینویتھی کی پیدائش تھائی لینڈ میں (1925) میں ہوئی تھی مگر ان کے والد پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا سے تھائی لینڈ آئے تھے۔
کیشا پلینویتھی ایک کلاسک ولن تھے جنہوں نے اپنے فلمی کیرئیر کا آغاز 1955 میں کیا اور 2010 میں انہیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ انہوں نے 1987 تک تقریبا 52 فلموں میں کام کیا اور ان کی بیٹی سمیت متعدد افراد اب بھی تھائی لینڈ میں شوبز سے منسلک ہیں۔

صداقت الرحمن نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’تھائی لینڈ میں کیشا پلینویتھی کی موت ایک بڑی خبر کے طور پر میڈیا میں چلائی جا رہی ہے۔ (فوٹو: خاندانی ذرائع)

فرسٹ سیکریٹری صداقت الرحمن نے بتایا کہ وہ خود بھی کچھ عرصہ قبل پاکستانی سفیر کے ہمراہ کیشا پلینویتھی کی عیادت کے لیے گئے تھے۔
تھائی لینڈ پاکستان فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے ممبر اسد محمد خان نے بینکاک سے اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کیشا پلینویتھی کی وفات پر نہ صرف پاکستانی کمیونٹی بلکہ تھائی لینڈ کی فلم انڈسٹری بھی سوگ منا رہی ہے۔ وہ اپنے عہد کے بڑے فنکار تھے جو یہاں کے مصطفی قریشی کی طرح بڑے ولن تھے۔
’کیشا بہت وجیحہ اور سٹائلش اداکار کے طور پر مشہور تھے۔ وہ نہ صرف تھائی لینڈ بلکہ پاکستان کا بھی اثاثہ تھے۔ وہ کئی برس قبل پاکستان بھی آئے تھے۔‘
یاد رہے کہ تھائی لینڈ میں لاکھوں پاکستانی نژاد افراد گذشتہ ایک صدی سے زائد سے آباد ہیں جنہیں مقامی طور پر تھائی پٹھان کہا جاتا ہے۔

تھائی لینڈ پاکستان فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے ممبر اسد محمد خان نے بتایا کہ ’کیشا پلینویتھی کی وفات پر تھائی لینڈ کی فلم انڈسٹری بھی سوگ منا رہی ہے۔‘ (فوٹو: خاندانی ذرائع)

پاکستانی سفارتکار کے مطابق تھائی پٹھان میں سے اکثر اردو بھی نہیں جانتے نہ پاکستان گئے ہیں مگر ان کی پاکستان سے محبت کا یہ عالم ہے کہ اپنے گھروں میں تھائی جھنڈے کے ساتھ پاکستانی جھنڈا لگا کر رکھتے ہیں اور مختلف علاقوں میں سو کے قریب مساجد بنا رکھی ہیں جنہیں پاکستان مسجد کہتے ہیں۔
صداقت الرحمن نے مزید بتایا کہ تھائی لینڈ میں پاکستانی نژاد کمیونٹی بہت اثر رسوخ کی حامل ہے جن میں کئی سینیٹرز، ارکان اسمبلی اور اعلی حکومتی عہدیداران بھی شامل ہیں۔
’یہ لوگ قیام پاکستان سے قبل کاروبار کی غرض سے یہاں پہنچے تھے اور پھر یہیں کہ ہو کر رہ گئے۔ ایک اندازے کے مطابق ایسے چھ لاکھ کے قریب لوگ ہیں جو گزشتہ ایک صدی کے دوران پاکستان کے موجودہ صوبہ خیبر پختونخوا سے تھائی لینڈ آ کر آباد ہوئے ان کی اکثریت کا تعلق ضلع بٹ گرام سے ہے۔

شیئر: