Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

کمشنر گوجرانوالہ کا کتا جس کی گمشدگی کے اعلان ہوئے، کیسے ملا؟

ملازمین نے کمشنر گوجرانوالہ کو کتا ملنے کی اطلاع دی جس پر انہیں شاباش دی گئی۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
صوبہ پنجاب کے ضلع گوجرانوالہ کے کمشنر کا گمشدہ اعلیٰ نسل کا پالتو کتا مل گیا ہے۔
کتا جمعرات کو کمشنر آفس اورمیونسپل کارپوریشن کے ملازمین کو چیکنگ کے دوران ملا۔
کمشنر گوجرانولہ کے پرسنل سٹاف آفیسر ندیم بٹ نے اردو نیوز کو بتایا کہ انہیں بھی اطلاع ملی ہے کہ کتا مل گیا ہے، کتے کو گھر کے نزدیک ہی چند بچے رسی ڈال کر گھما رہے تھے۔‘
سوشل میڈیا پر آنے والی تصاویر میں بھی کتے کے گلے میں ایک رسی دیکھی جا سکتی ہے جس میں کئی گرہیں لگی ہوئی ہیں۔
ندیم بٹ نے بتایا کہ ’کتے کے حوالے سے سرچ آپریشن کی اطلاعات غلط ہیں، صرف پولیس سے کہا گیا تھا کہ کتا چوری ہو گیا ہے،چیک کریں۔‘
’یہ ایسا ہی ہے کہ کسی کی چیز گم ہو جائے تو وہ پولیس سے شکایت کرتا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’جس رکشے پر اعلانات کیے گئے اس کو ادائیگی کر دی گئی ہے اور یہ اقدام چھوٹے پولیس اہلکاروں نے خود سے کیا تھا اس کی ہدایت کمشنر آفس سے نہیں ہوئی تھی۔‘
ملازمین نے کمشنر گوجرانوالہ کو کتا ملنے کی اطلاع دی جس پر انہیں شاباش دی گئی۔
خیال رہے کہ کمشنر آفس اور میونسپل کارپوریشن کے ملازمین گذشتہ تین دن سے کتے کی تلاش میں تھے۔
کتے کی تلاش کے لیے رکشوں پہ اعلانات کروائے گئے تھے اور پولیس نے سرچ آپریشن بھی کیا تھا۔

شیئر: