Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امیر قطر نے پارلیمانی انتخابی قانون کی منظوری دے دی

قطر میں شوریٰ 45 ممبران پر مشتمل ہوگی- (فوٹو: عاجل)
امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے ملک میں پہلی بار انتخابی قانون کی منظوری دے دی- پروگرام کے مطابق قطر میں قانون ساز اسمبلی کے پہلے انتخابات اکتوبر میں ہوں گے- 
قطر کے خبررساں ادارے ’قنا‘ کے مطابق نئے قانون میں مجلس شوری کے ارکان کے انتخاب کا حق ہر اس شخص کو دیا گیا ہے جو قطر کا حقیقی شہری ہو اور اس کی عمر عیسوی سال کے حساب سے 18 برس ہو چکی ہو-
حقیقی شہریت کی شرط سے قطر کی شہریت حاصل کرنے والے وہ افراد مستثنی ہوں گے جن کا دادا قطری ہو اور وہ قطر میں پیدا ہوئے ہوں- 
انتخابات کے نئے قانون کے مطابق مجلس شوری کا ممبر بننے کے لیے وہی لوگ امیدوار ہو سکتے ہیں جو حقیقی قطری شہری ہوں اور کاغذات نامزدگی کی آخری تاریخ کی عمر پر 30 برس سے کم نہ ہو- 
قطر کو 30 انتخابی حلقوں میں تقسیم کیا جائے گا ہر حلقے کی نمائندگی صرف ایک امیدوار کرے گا- 
ممبران شوری کے لیے انتخابات 2022 میں فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی سے ایک برس قبل ہوں گے- قطر کے شہری شوری کے دو تہائی ممبران کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالیں گے-
شوری 45 ممبران پر مشتمل ہوگی- 30 ممبران کا انتخاب عوام کریں گے اور باقی 15 کی تقرری امیر قطر کریں گے-
خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، واٹس ایپ گروپ جوائن کریں
 

شیئر: