Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان میں ایک بار پھر پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا اعلان

پاکستان میں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی سفارش پر حکومت نے پیٹرول کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر اضافے کا اعلان کر دیا ہے۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے جمعہ کے روز ٹوئٹر پر بتایا کہ پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 1.71 روپے کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔
شہباز گل کا کہنا تھا کہ ’ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی اور کسان  زیادہ متاثر ہوتا ہے اس لیے ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی سمری مسترد کر دی گئی ہے‘۔
’کورونا کی وجہ سے پوری دنیا مہنگائی کی زد میں ہے‘ کی وضاحت کرتے ہوئے وزیراعظم کے معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ ’اس وقت پٹرولیم پراڈکٹس پر حکومت پاکستان تقریباً صفر کے قریب ٹیکس وصول کر رہی ہے۔‘
ایک الگ ٹویٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’دنیا میں پٹرول کی اوسط قیمت 1.19 ڈالر فی لیٹر لیکن پاکستان میں پٹرول کی قیمت 0.72 ڈالر فی لیٹر ہے‘۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا پیش کردہ جواز سوشل میڈیا صارفین کو کچھ زیادہ نہیں بھایا تو سخت تنقید کے ساتھ ساتھ ان کے پیش کردہ حقائق بھی چیلنج کیے گئے۔ 
ملکی مہنگائی اور پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق بیان کردہ حکومتی وجہ پر تنقید ہوئی تو حکومتی اقدام سے ناخوش صارفین دیگر ملکوں اور پاکستان کی کرنسی کی قدر کا فرق نمایاں کرتے ہوئے مہنگائی کے اسباب کا ذکر کرنا نہ بھولے۔

شہباز گل نے دنیا کے 140 ملکوں میں پیٹرول کی قیمت پاکستان سے زیادہ بتائی تھی۔ سہیل رتو نامی صارف نے اپنے ردعمل میں سوال کیا تو لکھا ’140 ملکوں میں فی کس آمدن بھی بتا دیں لگے ہاتھوں۔ ایشیا میں پاکستان کی فی کس آمدن کس ملک سے زیادہ ہے؟‘

انجینئر احمد نامی ٹویپ نے لکھا ’یہ روش چھوڑ دیں، صرف پیٹرول میں ہم دیگر ملکوں سے مقابلہ کریں گے؟ دوسرے ملک عوام کو بہت سارے ریلیف بھی دیتے ہیں۔‘

پیٹرول کی قیمت میں اضافے پر جاری بحث میں وزیراعظم عمران خان کے سابقہ بیانات بھی بطور حوالہ پیش کیے گئے۔ ملک میں مہنگائی کے اسباب سے متعلق ان سے منسوب ماضی کا ایک بیان سب سے زیادہ نقل کیا گیا جس میں عمران خان کا کہنا تھا کہ ’جب ڈالر اوپر جائے اور مہنگائی میں اضافہ ہو تو سمجھو تمہارے حکمران چور ہیں۔‘

اوگرا کی سفارش پر حکومت نے کیروسین ائل کی قیمت میں فی لیٹر 35 پیسے کا اضافہ کیا ہے جس کے بعد نئی قیمت 85.75 روپے جب کہ پیٹرول کی نئی قیمت 119.80 فی لیٹر ہو گی۔
پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کی گئی تبدیلی کا اطلاق یکم اگست سے ہو گا۔

شیئر: